بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایس آئی ایف سی کی کامیاب سہولت کاری سے جیٹ گرین ایئرلائن آپریشنل تیاری کے مرحلے میں داخل

اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل(SIFC) کی مؤثر سہولت کاری کے نتیجے میں نجی شعبے کی ایئرلائن جیٹ گرین پرائیویٹ لمیٹڈ آپریشنل تیاری کے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔

حکام کے مطابق یہ منصوبہ گزشتہ تقریباً ایک دہائی سے مختلف انتظامی اور قانونی مراحل میں تاخیر کا شکار تھا، تاہم ایس آئی ایف سی کی مداخلت کے بعد اس کی منظوری کا عمل مکمل کر لیا گیا۔

لائسنسنگ اور سیفٹی منظوریوں کی رکاوٹیں دور

ذرائع کے مطابق جیٹ گرین پرائیویٹ لمیٹڈ کو لائسنسنگ، سیفٹی ویٹنگ اور کمرشل پرمٹس کے حصول میں متعدد رکاوٹوں کا سامنا تھا، جنہیں متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے ذریعے دور کیا گیا۔

اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل نے ایوی ایشن سے متعلق پیچیدہ منظوریوں کے عمل کو تیز اور شفاف بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے بعد منصوبہ عملی پیش رفت کی جانب بڑھ سکا۔

ہوا بازی کے شعبے میں مسابقت بڑھنے کی توقع

ماہرین کے مطابق نئی نجی ایئرلائن کی شمولیت سے ملک کے ہوا بازی کے شعبے میں مسابقت میں اضافہ ہوگا، جس سے مسافروں کو بہتر سروسز اور مزید سفری سہولیات میسر آنے کی توقع ہے۔

مزیدپڑھیں:طالبان رجیم کا نیا ظالمانہ قانون،عوام کی ملکیتی زمینیں ہتھیانے کا گھناؤنا منصوبہ بےنقاب

اس کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور ایوی ایشن انڈسٹری میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔

سرمایہ کاری کے اعتماد میں اضافہ

حکام کا کہنا ہے کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کاروباری رکاوٹیں کم کرنے، سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور معاشی استحکام کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر کام کر رہی ہے۔

ایس آئی ایف سی کی معاونت سے ہوا بازی، توانائی، معدنیات، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے اعتماد کو مزید تقویت مل رہی ہے، جبکہ متعدد طویل عرصے سے زیر التوا منصوبوں میں بھی پیش رفت سامنے آ رہی ہے