انگلش کاؤنٹی کلب یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب(County Cricket Club) نے پاکستان کے آل راؤنڈر فہیم اشرف کو رواں سیزن کے وائیٹیلٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ کے لیے اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
کلب حکام کے مطابق 32 سالہ فہیم اشرف آسٹریلوی آل راؤنڈر ول سدرلینڈ کی جگہ ٹیم کا حصہ بنیں گے، جو کندھے کی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
کاؤنٹی کرکٹ میں پرانا تجربہ
فہیم اشرف اس سے قبل بھی انگلش کاؤنٹی کرکٹ کھیل چکے ہیں اور وہ نارتھمپٹن شائر اور سسیکس کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
وہ 22 مئی کو ناٹنگھم شائر کے خلاف یارکشائر کے پہلے میچ سے قبل ٹیم کو جوائن کریں گے، جبکہ انہیں دو کاؤنٹی چیمپئن شپ میچز میں بھی دستیابی حاصل ہوگی جن میں واروکشائر اور لیسٹر شائر کے خلاف مقابلے شامل ہیں۔
مزیدپڑھیں:آئی ایم ایف کو توانائی قیمتوں میں اضافے کی یقین دہانی، بجٹ مذاکرات میں اہم پیش رفت
ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار
فہیم اشرف نے یارکشائر میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی پاکستانی کھلاڑی اس کلب کی نمائندگی کر چکے ہیں اور یہاں کے ماحول اور معیار کو ہمیشہ سراہا گیا ہے۔
بین الاقوامی اور ڈومیسٹک ریکارڈ
فہیم اشرف پاکستان کی جانب سے 85 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ وہ پاکستان سپر لیگ میں ایک ہزار رنز اور 100 وکٹیں مکمل کرنے والے چند آل راؤنڈرز میں بھی شامل ہیں، جو ان کی آل راؤنڈ صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔









