پاکستان تحریک انصاف (PTI)کے مرکزی رہنماؤں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا۔ پریس کانفرنس سے پارٹی کے مرکزی رہنما اسد قیصر اور پارلیمانی لیڈر شاہد خٹک نے خطاب کیا۔
پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پوری جماعت اور پاکستان کے عوام کو بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے کل کے سربراہی اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی پارلیمانی پارٹی نے متفقہ طور پر توثیق کر دی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جمعہ کے روز ملک بھر میں مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق خدشات، انہیں ہسپتال منتقل کرنے، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کے لیے احتجاج کیا جائے گا۔
اسد قیصر نے کہا کہ پارٹی ان تمام سیاسی رہنماؤں اور کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جو جمہوریت کی جدوجہد کے دوران جیلوں میں ہیں یا سیاسی انتقام کا نشانہ بنے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ منتخب نمائندوں کو نااہل کیا گیا اور سیاسی بنیادوں پر سزائیں دی گئیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پارلیمان میں اپوزیشن کے ساتھ یہی رویہ جاری رہا تو حزب اختلاف ایوان کو چلنے نہیں دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والا بجٹ “غریب دشمن بجٹ” ثابت ہوگا کیونکہ حکومت مزید ٹیکسز لگانے کی تیاری کر رہی ہے جبکہ عوام پہلے ہی شدید معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔
اسد قیصر نے عدلیہ کے کردار پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک میں انصاف کی توقع ختم ہوتی جا رہی ہے اور بنیادی انسانی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات میرٹ پر سننے کا مطالبہ کرتی ہے اور اگر کیسز شفاف انداز میں سنے جائیں تو عمران خان ایک لمحہ بھی جیل میں نہیں رہیں گے۔
انہوں نے حکومت کی داخلی اور خارجی پالیسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ غلط پالیسیوں کے باعث ملک میں دہشت گردی میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات بھی درست انداز میں نہیں چلائے جا رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اور عوام مشکلات کا شکار ہیں۔
مزیدپڑھیں:نئی دہلی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ، عوام پریشان
پی ٹی آئی رہنما نے مطالبہ کیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل رولز کے مطابق فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے، ملاقاتوں کی اجازت دی جائے، پیٹرولیم لیوی واپس لی جائے، بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے اور پنجاب سے آٹے و گندم کی ترسیل پر عائد پابندیاں ہٹائی جائیں۔
پارلیمانی لیڈر شاہد خٹک نے اپنی گفتگو میں کہا کہ سائفر سے متعلق حقائق اب بین الاقوامی میڈیا کے ذریعے سامنے آ چکے ہیں اور اس سے پی ٹی آئی کا مؤقف درست ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک سائفر کے ذریعے جمہوری حکومت کو ختم کیا گیا جس کے نتیجے میں ملک کو شدید نقصان پہنچا۔
انہوں نے حکومت کو “نااہل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام سے معافی مانگی جائے اور فارم 47 کے ذریعے ہونے والی مبینہ دھاندلیوں کا حساب لیا جائے گا۔ شاہد خٹک نے کہا کہ جمعہ کے روز عوام کی عدالت میں جائیں گے اور پورے ملک سے عوام کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ صرف پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے، جبکہ پنجاب میں پارٹی کی قیادت اور ہزاروں کارکنان جیلوں میں ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں تاکہ عوامی آواز مؤثر انداز میں بلند کی جا سکے۔









