حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں مستحق صارفین کو سبسڈی(Subsidy) کی فراہمی کے لیے ایک نیا اور ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت اب ریلیف حاصل کرنے کے لیے بل پر موجود کیو آر کوڈ کو استعمال کیا جا سکے گا۔
اس منصوبے کے تحت پنجاب میں 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بلوں پر کیو آر کوڈ شامل کیا جا رہا ہے، تاکہ سبسڈی کی تقسیم زیادہ شفاف اور منظم طریقے سے ہو سکے۔
حکومتی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایسے افراد کو ریلیف دینا ہے جو واقعی مستحق ہیں، جبکہ غلط طریقوں سے سبسڈی حاصل کرنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی بھی کی جائے گی۔ اس نظام کے ذریعے ایک ہی گھر میں متعدد میٹروں کے ذریعے غیر ضروری فائدہ اٹھانے کی روک تھام ممکن ہوگی۔
مزید پڑھیں؛ایران معاہدے پر اچھی پیشرفت ہوگی، میں کمزور ڈیل قبول نہیں کرتا: ڈونلڈ ٹرمپ
یہ سہولت خاص طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین، کم آمدنی والے خاندانوں اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کے لیے رکھی گئی ہے جو ماہانہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں۔
نئے طریقہ کار کے مطابق صارفین اپنے بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے ایک آن لائن پورٹل پر جائیں گے، جہاں انہیں 14 ہندسوں کا ریفرنس نمبر اور شناختی کارڈ نمبر درج کرنا ہوگا۔ اس کے بعد او ٹی پی (OTP) کے ذریعے تصدیقی عمل مکمل کیا جائے گا اور وہ سبسڈی کے لیے اہل قرار دیے جائیں گے۔
حکام نے بتایا ہے کہ جن افراد کے پاس اسمارٹ فون کی سہولت موجود نہیں، ان کے لیے ضلعی انتظامیہ اور یونین کونسل کی سطح پر خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ وہ بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے بل اور شناختی معلومات میں درستگی کو یقینی بنائیں تاکہ رجسٹریشن کے عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ اس کے علاوہ، شہری براہ راست سرکاری ویب پورٹل کے ذریعے بھی اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں۔









