بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اسٹیل ملز سے قیمتی دھاتیں چوری کرنے میں ملوث 5 پولیس اہلکاروں سمیت 10 ملزمان گرفتار

کراچی میں پولیس نے بن قاسم ٹاؤن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اسٹیل ملز (Pakistan Steel Mills) سے قیمتی دھاتیں چوری کرنے والے گروہ کے 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں 5 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں کانسٹیبل عرفان شاہ، سعداللہ، منیب، رحمت، محمد علی، عبد الکریم، معشوق علی، صدام حسین، جاوید اور قاضی طاہر شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 30 کلو چوری شدہ تانبا، تین موٹر سائیکلیں اور موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں؛ناکہ لگا کر شناختی کارڈ چیکنگ، فائرنگ سے ہرنائی میں 5 افراد جاں بحق

پولیس تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان مبینہ طور پر اسٹیل مل کے بدنام زمانہ چور روشن مری کے لیے کام کر رہے تھے۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ کانسٹیبل عرفان شاہ روشن مری کی مدد سے چوروں کو پاکستان اسٹیل ملز میں داخل کرواتا تھا، جبکہ دیگر چار اہلکار چوری شدہ سامان وصول کر کے اس تک پہنچاتے تھے۔

پولیس کے مطابق بعد ازاں عرفان شاہ اور روشن مری مبینہ طور پر یہ سامان کباڑیوں کو فروخت کر دیتے تھے۔ گرفتار چار اہلکار بن قاسم جبکہ ایک اہلکار 15 مددگار بن قاسم میں تعینات تھا۔

پولیس نے بتایا کہ تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔