بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لیسکو کا خراب میٹروں کی تبدیلی کے لیے نئی پالیسی کا اعلان

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(LESCO) نے خراب اور جل جانے والے سنگل فیز میٹروں کی تبدیلی کے حوالے سے نئی پالیسی نافذ کر دی ہے جس کے تحت اب اے ایم آئی سمارٹ میٹروں کے بجائے عام سٹیٹک میٹرز نصب کیے جائیں گے۔

یہ فیصلہ ابتدائی طور پر ڈیفیکٹو کوڈ کی بنیاد پر خراب قرار دیے گئے میٹروں کی تبدیلی کے کیسز پر لاگو ہوگا۔

ذرائع کے مطابق لیسکو نے خراب، جلنے یا تکنیکی خرابی کے شکار سنگل فیز میٹروں کو تبدیل کرنے کے لیے سمارٹ انفراسٹرکچر کے بجائے روایتی سٹیٹک میٹرز کو ترجیح دینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس سے قبل ان میٹروں کی جگہ جدید اے ایم آئی سمارٹ میٹرز نصب کیے جاتے تھے، تاہم اب نئی ہدایت کے مطابق یہ پالیسی تبدیل کر دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی قیمت نسبتاً زیادہ ہونے کے باعث ادارے نے فیصلہ کیا ہے کہ صرف مخصوص صورتوں میں ہی ان کی تنصیب کی جائے گی، جبکہ عمومی طور پر خراب یا جلنے والے سنگل فیز میٹروں کی جگہ عام سٹیٹک میٹرز ہی لگائے جائیں گے۔ اس اقدام کو ادارے کی لاگت میں کمی کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

نئی پالیسی کے مطابق ڈیفیکٹو کوڈ کے حامل میٹروں کی تبدیلی صارفین کے لیے مفت ہوگی اور ایسے کسی بھی کیس میں اضافی چارجز وصول نہیں کیے جائیں گے۔ تاہم نئے کنکشنز کے لیے اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی تنصیب کو بدستور لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کے باعث نئے صارفین کو سمارٹ میٹر کی فیس ادا کرنا ہوگی۔

مزیدپڑھیں:سندھ ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز

ذرائع کے مطابق سنگل فیز سمارٹ میٹر کے حصول کے لیے صارفین کو تقریباً بائیس ہزار روپے تک ادائیگی کرنا پڑتی ہے، جبکہ روایتی سٹیٹک میٹر اس کے مقابلے میں کم لاگت میں دستیاب ہوتا ہے۔ اس فرق کے باعث ادارہ پرانے اور خراب میٹروں کی تبدیلی میں سستی آپشن استعمال کر رہا ہے۔

 یہ پالیسی وقتی طور پر مالی دباؤ کم کر سکتی ہے، تاہم طویل مدت میں سمارٹ میٹرز کے بجائے روایتی میٹرز کی تنصیب توانائی کے جدید نظام کی طرف منتقلی کی رفتار کو متاثر کر سکتی ہے۔