پاک فضائیہ (Pakitan Airforce)کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس جام شہادت نوش کر گئے۔
کاٹلنگ کے علاقے میں مردان روڈ پر جبر نہر کے قریب پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ گر کر حادثے کا شکار ہوگیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی ایمبولینسوں اور فائر وہیکل گاڑیوں کو فوری طور پر جائے وقوع پر روانہ کیا گیا، جہاں امدادی کارروائی کی گئی۔
ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے کے دونوں پائلٹس شہید ہوگئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید ہونے والے دونوں پائلٹس کیپٹن قاسم اور کیپٹن طلحہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق طیارہ حادثے کے نتیجے میں 2 راہگیر بھی شدید زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور مزید علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مردان کے قریب پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کے حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائلٹس کیپٹن قاسم اور کیپٹن طلحہ نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا۔
انہوں نے شہید پائلٹس کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں دونوں شہید پائلٹس کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
وزیر داخلہ نے حادثے میں زخمی ہونے والے 3 افراد کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔








