اسلام آباد، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق(Ayyaz Sadiq) سے پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک۔ایران تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، پارلیمانی روابط کے فروغ، علاقائی صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے پر ایرانی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اہم پیش رفت کا بھرپور خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، استحکام، باہمی اعتماد اور تعمیری سفارتکاری کے فروغ کی جانب ایک مثبت، حوصلہ افزا اور تاریخی قدم ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان امن معاہدہ نہ صرف خطے میں کشیدگی کے خاتمے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ علاقائی اور عالمی سطح پر پائیدار امن، سلامتی اور اقتصادی استحکام کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فریقین مستقبل میں بھی مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے اختلافات کے حل کو ترجیح دیں گے۔ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور امن معاہدے کے حصول میں پاکستان کی حکومت، پارلیمان، سیاسی و سفارتی اور عسکری قیادت کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امن کے فروغ اور تنازعات کے حل کے لیے ہمیشہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ایرانی سفیر نے پاکستان کی حکومت، پارلیمان اور عسکری قیادت کو کامیاب سفارتکاری پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام پاکستان کے مخلصانہ تعاون، خیر سگالی اور امن کے قیام کے لیے ادا کیے گئے مؤثر کردار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور امن معاہدے کے حصول میں پاکستان کی سیاسی، پارلیمانی، سفارتی اور عسکری قیادت کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں اور ان کا کردار خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
مزید پڑھیں:امریکا، ایران امن معاہدہ مثبت سفارتکاری کی بڑی کامیابی ہے، فرخ خان
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اپنے وفد کے ہمراہ قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی دیکھی اور ایوان کی کارروائی کے دوران وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور دیگر اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے ایران-امریکہ امن معاہدے سے متعلق خیر مقدمی تاثرات سراہا۔








