اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان(Masood pizishkian) کے درمیان اسلام آباد امن معاہدے کے بعد پہلا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جو تیس منٹ سے زائد جاری رہا۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے صدر پزشکیان، ایرانی قیادت اور عوام کو تاریخی امن معاہدے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں امن و استحکام کے قیام کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان ہر شعبے میں ایران کی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ثالثی اور سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشکل وقت میں مثبت اور مخلصانہ کردار ادا کیا، جسے ایران ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گا۔
مزید پڑھیں:بھارتی آبی جارحیت کیخلاف دریائے چناب پر متعدد آبی ذخائر بنانے کی تجویز
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، اعلیٰ سطحی دوروں کے تبادلے اور مستقبل میں مسلسل رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔









