وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز(Maryam Nawaz) نے ٹرانسپورٹ، گڈز کرایوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور مشکل صورت حال میں بھرپور ساتھ دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا بھرپور فائدہ عوام کو ہر صورت پہنچنا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ ٹرانسپورٹ، گڈز کرایوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی کمی آنی چاہیے۔
مزیدپڑھیں:کنٹریکٹ ملازمین کے لیے تنخواہ کے نئے پیکجز متعارف، بڑی خوشخبری آگئی
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا وعدہ پورا کیا، علاقائی صورتحال پر قوم کو توانائی بحران سے محفوظ رکھنا شہباز شریف کا تاریخی کارنامہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل نے مشکل وقت میں دنیا کو توانائی اور معاشی بحران سے بچایا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 74 اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 سے کم ہوکر 299 روپے پر آجائے گی جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 378 روپے سے کم ہوکر 311 روپے ہوجائے گی۔









