امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات کل سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے جس کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر(Asim Munir) کا بھی برگن اسٹاک جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس کو وزیراعظم کے دورے کی تیاریوں کی ہدایت کر دی گئی، وزیراعظم کی روانگی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سوئٹرزلینڈ آمد سے مشروط ہوگی۔

یاد رہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات اتوار کومتوقع ہیں جس کیلئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا آج ہی سویٹزرلینڈ جانے کا امکان ہے ۔
جے ڈی وینس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر مذاکراتی عمل کے سلسلے میں موقع پر موجود ہیں،امید ہےآئندہ ایک یا دو روزمیں سوئٹزر لینڈ کا دورہ کروں گا۔
ان کا کہناتھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں،مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے حقیقی موقع فراہم کریں گے،مجھے یقین ہے کہ ہم جنگ بندی برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں گے۔
پاکستان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد ہونے والی پیش رفت کے سلسلے میں تکنیکی سطح کے مذاکرات 21 جون 2026 کو برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ میں منعقد کیے جائیں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ان مذاکرات میں امریکہ اور ایران کے نمائندے، جبکہ پاکستان اور قطر کے ثالثی نمائندے شرکت کریں گے۔پاکستان، ثالث کے طور پر اپنے کردار کے تحت، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمتوں کو آگے بڑھانے کے مقصد سے اس عمل میں سہولت کاری جاری رکھے گا۔
العربیہ نے دعویٰ کیاہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی آج ایک ساتھ مذاکرات میں شرکت کیلئے سویٹزر لینڈ روانہ ہوں گے ۔
پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی اہم ترین دورے پر ایران پہنچے جہاں انہوں نے سویٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات بارے اہم ملاقاتیں کیں ۔محسن نقوی کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات ہوئی جس میں نہایت اہم مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
مزید پڑھیں:روس، ہٹلر کے نام پر پیزا آرڈر کرنا مہنگا پڑ گیا، نوجوان کو5 دن قید کی سزا
ذرائع کےمطابق محسن نقوی خطےمیں کشیدگی کے خاتمے اورسفارتی روابط کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کے تناظرمیں متعدد بار تہران کا دورہ کرچکے ہیں۔ ان کےحالیہ دورے کو بھی علاقائی سفارت کاری اور اہم پیشرفت کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔








