بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم نےکمیونیکیشن ری آرگنائزیشن ترمیمی بل پر نظرثانی کیلئےکمیٹی قائم کر دی

وزیراعظم شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے ٹیلی کمیونیکیشن ری آرگنائزیشن ترمیمی بل پر نظرثانی کے لیے کمیٹی قائم کر دی۔

کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کریں گے، سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ، احد خان چیمہ کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

کمیٹی میں اٹارنی جنرل منصور اعوان اور قانون و آئی ٹی شعبے کے ماہرین بھی شامل کئے گئے ہیں۔

کمیٹی سیکشن 2 میں رائٹ آف وے فریم ورک پرنظرثانی کرے گی، کمیٹی ٹیلی کمیونیکیشن تنصیبات، نجی زمین سے متعلق رائٹ آف وے پرتجاویزپیش کرے گی۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو بل پر جلد نظر ثانی کرکے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن تنظیم نو ترمیمی بل منظورکرلیا ہے جس کے بعد یہ بل سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔

مزیدپڑھیں:وزیر داخلہ محسن نقوی کی تہران میں اعلیٰ ایرانی حکام سے ملاقات، مفاہمتی یادداشت کے بعد علاقائی صورتحال پرگفتگو

ترمیمی بل کے مطابق نجی جائیداد کے مالکان اور سرکاری ادارے ٹیلی کمیونیکیشن انفرا اسٹرکچر کے لیے جگہ دینے کے پابند ہوں گے۔

موبائل فون یا ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی کو آپٹیکل فائبر بچھانے یا ٹاور لگانے کے لیے جگہ نہ دینے والے نجی گھر کے مالک، کرائے دار یا عوامی و نجی ادارے پر 5 کروڑ روپے جرمانہ ہوگا۔