بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیند کی کمی نوجوانوں میں کینسر کے خطرے سے جڑی، نئی تحقیق میں اہم انکشاف

ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ نیند کی کمی اور بے خوابی 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کے بڑھتے ہوئے خطرے سے منسلک ہو سکتی ہے۔

امریکن سوسائٹی آف کلینیکل آنکولوجی (ASCO) کی سالانہ کانفرنس میں پیش کی گئی اس تحقیق میں امریکا کے 18 سے 50 سال کی عمر کے ایک کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد کے طبی ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ نتائج کے مطابق بے خوابی یا خراب نیند کے شکار افراد میں آنتوں، چھاتی اور اوویرین کینسر کے خطرات نسبتاً زیادہ دیکھے گئے۔

محققین کے مطابق بعض کیسز میں بے خوابی کا شکار افراد میں پانچ سال کے اندر کینسر کی تشخیص کا امکان دیگر افراد کے مقابلے میں تین گنا تک زیادہ پایا گیا۔

مزید پڑھیں:کینسر کے علاج میں مصنوعی ذہانت امید کی نئی کرن۔۔جانیئے کیسے ؟؟

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ دنیا بھر میں کم عمر افراد میں کینسر کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 1990 میں نوجوانوں میں کینسر کے 18 لاکھ 20 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جو 2019 تک بڑھ کر 32 لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کر گئے۔

تاہم ماہرین نے زور دیا کہ یہ تحقیق صرف نیند کی کمی اور کینسر کے درمیان تعلق ظاہر کرتی ہے، یہ ثابت نہیں کرتی کہ بے خوابی براہِ راست کینسر کا سبب بنتی ہے۔ ان کے مطابق موٹاپا، سگریٹ نوشی، غیر صحت بخش طرزِ زندگی اور ورزش کی کمی جیسے عوامل بھی کینسر کے خطرے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ماہرین نے کینسر کے خطرے کو کم کرنے کے لیے مناسب نیند، متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور تمباکو نوشی سے اجتناب کو انتہائی اہم قرار دیا۔