بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی تھری اے بورڈ اجلاس، سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پر زور،مشیر محمد علی

اسلام آباد، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری(Privatisation Adviser) محمد علی کی زیرِ صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی تھری اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 43واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) منصوبوں کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور انفراسٹرکچر منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی، سیکرٹری نجکاری ڈویژن، پلاننگ کمیشن، فنانس ڈویژن کے نمائندوں، نجی شعبے کے اراکین اور پی تھری اے کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبے کی شمولیت کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔

اجلاس کا اہم ایجنڈا نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے کھاریاں-راولپنڈی موٹروے (ایم-13) منصوبے کا جائزہ تھا، جسے علاقائی رابطوں اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے نہایت اہم قرار دیا گیا۔ بورڈ نے منصوبے سے متعلق قانونی، مالیاتی اور انتظامی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا اور شفافیت، عوامی مفاد، مناسب مالی فوائد اور خطرات کے مؤثر انتظام کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

بورڈ نے فیصلہ کیا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی وزارت مواصلات کے تعاون سے پی تھری اے ایکٹ 2017 کے تحت درکار تمام سرکاری منظوریوں کا عمل مکمل کرے گی۔ اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ منصوبے کے تجارتی اور مالیاتی معاملات، بشمول فنانسنگ، ٹول پالیسی، رعایتی مدت اور دیگر شرائط کا جائزہ متعلقہ مراحل پر قانونی تقاضوں کے مطابق لیا جائے گا۔

اجلاس میں پی تھری اے کی ادارہ جاتی استعداد کار، انسانی وسائل، گورننس نظام اور تکنیکی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتھارٹی کو اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ وزارتوں اور سرکاری اداروں کو بینکاری کے قابل، پائیدار اور سرمایہ کار دوست منصوبوں کی تیاری اور عملدرآمد میں مؤثر معاونت فراہم کر سکے۔

مزید پڑھیں:نوابشاہ: 2 سیلری اکاؤئنٹس سے 1 ارب سے زائد کی ٹرانزیکشنز، تحقیقات شروع

اجلاس کے اختتام پر اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کو مربوط حکمت عملی کے تحت آگے بڑھایا جائے گا تاکہ پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے پرکشش، اصلاحات دوست اور ترقی پسند معیشت کے طور پر مزید مستحکم کیا جا سکے۔ پی تھری اے نے نجی شعبے کے فعال کردار، شفاف طرزِ حکمرانی اور مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچے کے ذریعے قومی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔