بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نواسہ رسولؐ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کا دن، یوم عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کا دن، ملک بھرمیں آج یوم عاشور(Ashura)عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
کراچی، لاہور، راولپنڈی، ملتان، سکھر، حیدرآباد، مظفر آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں 10 محرم الحرام کے جلوس نکالے جا رہے ہیں، جلوس کے ہمراہ روایتی علم، ذوالجناح اور تعزیے بھی ہیں۔

اس دن کی مناسبت سے خصوصی مجالس اور دینی محافل منعقد کی جا رہی جن میں علمائے کرام اور ذاکرین کی جانب سے امام حسینؓ کے پیغام اور ان کی قربانیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔

لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس اپنے راستوں پر گامزن ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزادار شریک ہیں۔

مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن مرکزی جلوس محلہ شیعاں پہنچا جہاں اذان علی اکبر ادا کر دی گئی جبکہ مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے جلوس کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگیا، جلوس امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر ختم ہوگا، جلوس سے پہلے نشتر پارک میں مرکزی مجلس منعقد ہوئی۔

مزیدپڑھیں:ایران جنگ میں پاکستان کا کردار قیامت تک یاد رکھا جائے گا: خواجہ آصف

کوئٹہ میں عاشورہ کا جلوس امام بارگاہ حسینی سادات سید آباد علمدار روڈ سے برآمد ہوگیا جو شام مغربین کے بعد اختتام پذیر ہوگا، کوئٹہ میں شبیہ ذوالجناح اور علم و تعزیوں کے کل 35 دستے شامل ہیں جبکہ جلوس کے راستوں میں ناشتے، ٹھنڈے پانی، شربت کی سبیلیں جبکہ امدادی کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔

یوم عاشور کی مناسبت سے ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، تمام اہم شہروں میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔

ملک بھر میں جلوسوں کے روٹ پر غیر ضروری آمدورفت کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ہے جبکہ حساس علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس اور دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت اسلحے کی نمائش پر پابندی ہے۔

جلوسوں کے اختتام کے بعد شام غریباں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ذاکرین واقعہ کربلا کے بعد پیش آنے والے حالات کو بیان کریں گے اور پھر عزادار غم حسین میں سینہ کوبی کے بعد گھروں کو روانہ ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے جلوس اختتام پذیر ہوئے، کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔

لاہور میں پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس اختتام پذیر ہوگیا، پشاور میں امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس اختتام پذیر ہوا، کوئٹہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ناصر العزا پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا، جبکہ اسلام آباد کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثنا عشری پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، چھوٹے بڑے شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔