وفاقی حکومت نے عوام کو جزوی ریلیف دیتے ہوئے مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 85 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، جس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 227 روپے 5 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ 233 روپے 90 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ قیمت میں یہ کمی عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، درآمدی لاگت اور متعلقہ اداروں کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:مٹی کا تیل مہنگا، فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 71 پیسے اضافہ
حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا باقاعدہ جائزہ بین الاقوامی مارکیٹ کے رجحانات، روپے کی قدر، درآمدی اخراجات اور ٹیکسوں کی بنیاد پر لیا جاتا ہے، جس کے بعد عوامی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے قیمتوں میں رد و بدل کیا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی سے ملک کے سرد اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے صارفین کو کچھ ریلیف ملے گا، جہاں گھریلو ضروریات اور حرارت کے لیے اب بھی مٹی کے تیل کا استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم عوام کی بڑی تعداد اب بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی منتظر ہے، کیونکہ ان ایندھن کی قیمتیں براہِ راست ٹرانسپورٹ اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی لاگت پر اثر انداز ہوتی ہیں۔








