بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ عوام دشمن ہے، جے یو آئی

جمعیت علمائے اسلام (JUI) پاکستان نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ایک ہفتے کے لیے برقرار رکھنے کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے عوام دشمن اور ظالمانہ اقدام قرار دیا ہے۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں جنگ سے پہلے کی سطح سے بھی نیچے آ چکی ہیں، لیکن اس کے باوجود پاکستان میں عوام کو اس کمی کا فائدہ نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں زمین پر ہیں جبکہ پاکستان میں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جو حکومتی بے حسی کی انتہا ہے۔

اسلم غوری نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ایک ہفتے کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ کسی صورت عوامی مفاد میں نہیں بلکہ ظلم کے مترادف ہے۔ ان کے بقول حکومت ہر موقع پر عوام پر مالی بوجھ ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہے اور عوام کا خون چوسنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی۔

مزیدپڑھیں:حکومت کسی شعبے پر اضافی بوجھ نہیں ڈال رہی، علی پرویز ملک

انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب عالمی حالات کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو حکومت نے پٹرولیم کمپنیوں کے مفادات کا تحفظ کیا، اور اب جبکہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں نمایاں کمی آ چکی ہے تب بھی انہی کمپنیوں کے مفادات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ حالیہ جنگ کے دوران ایرانی عوام نے شاید اتنا نقصان برداشت نہ کیا ہو جتنا پاکستانی عوام نے مہنگائی، ایندھن کی بلند قیمتوں اور معاشی دباؤ کی صورت میں اٹھایا ہے۔

انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمران خدا خوفی سے بے نیاز ہو چکے ہیں اور عوامی مشکلات کا کوئی احساس نہیں رکھتے۔ اسلم غوری نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر عالمی منڈی میں ہونے والی کمی کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔