بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب، ایل پی جی مافیا بے قابو، قیمتیں آسمانوں پر، عوام کو دونوں ہاتھوں لوٹنے لگے

لاہور،پنجاب بھر میں دکانداروں نے ایل پی جی (LPG Dealers)کی قیمتوں میں خودساختہ اور بے تحاشہ اضافہ کر دیا ہے، جس نے غریب اور متوسط طبقے کے گھریلو صارفین کی کمر توڑ کر رکھ دی، مارکیٹ میں سرکاری نرخنامے کی کھلی خلاف ورزی عروج پر ہے اور ایل پی جی مافیا انتظامیہ کی ناک کے نیچے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتِ پاکستان کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، مارکیٹ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مختلف شہروں میں دکاندار ایل پی جی 480 روپے سے لے کر 500 روپے فی کلو تک کی ہوشربا قیمت پر فروخت کر رہے ہیں۔

مارکیٹ ذرائع سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ گیس مافیا اور دکانداروں کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ اپنی مرضی سے روزانہ قیمتوں میں 10 سے 20 روپے فی کلو تک کا خودساختہ اضافہ کر دیتے ہیں۔

گیس کی قیمتوں میں اس من مانے اور غیر قانونی اضافے کی وجہ سے گھریلو صارفین کو شدید ترین معاشی مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ گیس سلنڈر بھروانا اب عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔

شہریوں اور صارفین نے کہا ہے کہ ایک طرف سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ ہے اور دوسری طرف ایل پی جی مافیا نے لوٹ مار مچا رکھی ہے، سرکاری نرخ صرف کاغذوں تک محدود ہیں جبکہ پبلک کو دکانداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے،۔

مزید پڑھیں:آبنائے ہرمز آئندہ 30 روز تک مکمل طور پر ایران کی نگرانی میں رہے گی، ایرانی وزیرخارجہ

عوام نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان منافع خوروں کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاؤن کیا جائے اور سرکاری قیمت پر گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔