بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مریم ویژن کھوہ کھاتے، محمود علی 3سال کیلئے لاہور ویمن یونیورسٹی رجسٹرار تعینات

حکومت پنجاب کے محکمہ ہائر ایجوکیشن(Highire Education Commission) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محمود علی کو 3 سالہ مدت کےلیے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کا رجسٹرار تعینات کر دیا گیا ہے۔ تاہم اس تقرری کے بعد تعلیمی حلقوں میں میرٹ، شفافیت اور خواتین کی قیادت کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سلیکشن کے عمل میں میرٹ کو نظرانداز کیا گیا، شارٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں میں شامل ایک اہل خاتون امیدوار، جو مبینہ طور پر دوسرے نمبر پر تھیں، کو نظرانداز کرتے ہوئے پانچویں نمبر پر موجود امیدوار کو ترجیح دی گئی۔ مزید وائس چانسلر کے مبینہ گٹھ جوڑ اور پسند و ناپسند کی بنیاد پر سلیکشن کے نتائج تبدیل کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق اگر کسی ویمن یونیورسٹی میں اعلیٰ انتظامی عہدوں، خصوصاً رجسٹرار جیسے اہم منصب، کے لیے قابل اور میرٹ پر موجود خاتون امیدوار دستیاب ہو تو ایسی صورت میں مرد امیدوار کی تقرری ادارے کے بنیادی مقصد اور خواتین کی قیادت کے فروغ سے متصادم دکھائی دیتی ہے۔

تعلیمی حلقوں کے مطابق خواتین کی جامعات صرف خواتین کو تعلیم فراہم کرنے کے لیے نہیں بلکہ انہیں قیادت اور فیصلہ سازی کے اعلیٰ مناصب تک پہنچانے کے لیے بھی قائم کی گئی ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ ایک خاتون رجسٹرار طالبات اور خواتین ملازمین کو درپیش تعلیمی، انتظامی اور فلاحی مسائل کو بہتر انداز میں سمجھنے اور حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

مزید پڑھیں:مشرق وسطیٰ، فریقین کو جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے، نائب وزیراعظم

ذرائع کے مطابق اگر واقعی میرٹ پر موجود خاتون امیدوار کو نظرانداز کیا گیا تو یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خواتین کو بااختیار بنانے اور سرکاری اداروں میں ان کی نمائندگی بڑھانے کے وژن سے بھی مطابقت نہیں رکھتا۔ تقرری کا عمل مکمل طور پر شفاف، میرٹ پر مبنی اور خواتین کی قیادت کے فروغ کے اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ متعلقہ معاملے پر یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کوئی موقف جاری نہیں کیا گیا۔