بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عالمی منڈی میں تیل کی گرتی قیمتوں کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچ رہا، سینیٹر عبدالقادر

اسلام آباد: سینیٹر محمد عبدالقادر(Senator Abdul Qadir) نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود پاکستان کے عوام کو اس کا حقیقی فائدہ نہیں پہنچ رہا، جو نہایت افسوسناک اور تشویشناک صورتحال ہے۔

حکومت کو چاہیے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا مکمل اور شفاف حساب کتاب عوام کے سامنے لائے اور اس امر کا جائزہ لے کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے باوجود مقامی سطح پر ریلیف کیوں فراہم نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہر پاکستانی کی زندگی پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہیں۔ ایک لیٹر پیٹرول استعمال کرنے والے موٹر سائیکل سوار سے لے کر سینکڑوں لیٹر ڈیزل استعمال کرنے والی ٹرانسپورٹ، صنعت اور زراعت تک، ہر شعبہ ان قیمتوں سے متاثر ہوتا ہے۔

جب ایندھن مہنگا ہوتا ہے تو اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ، تعمیرات، زراعت اور روزمرہ استعمال کی تقریباً ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ سے بڑھ کر ڈبل ڈیجٹ تک پہنچ جاتی ہے اور اس کا سب سے زیادہ بوجھ غریب اور متوسط طبقے کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔

سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ ملک میں تاثر یہ ہے کہ مختلف شعبوں میں مافیا حکومت سے زیادہ طاقتور دکھائی دیتا ہے۔ پیٹرولیم سیکٹر میں بھی اگر چند طاقتور عناصر یا آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے غیر منصفانہ مفادات عوامی ریلیف کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں تو حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مؤثر کارروائی کرے۔

کسی بھی مافیا کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ ناجائز منافع خوری کے ذریعے غریب عوام کا استحصال کرے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نظام مزید شفاف بنائے، غیر ضروری منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کا سختی سے سدباب کرے۔

مزید پڑھیں:سائنسدانوں کا بلیک ہول کے ’’پوائنٹ آف نو ریٹرن‘‘تک رسائی کا دعویٰ

متعلقہ اداروں کی نگرانی مؤثر بنائے اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں آنے والی ہر کمی کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت مزید مہنگائی اور عوامی مشکلات میں اضافے کا باعث بنے گی۔