محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان میں مون سون کا پہلا اسپیل یکم جولائی سے داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں پنجاب، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی علاقوں میں بارشوں(Rain) کا سلسلہ شروع ہوگا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کا پہلا موسمی نظام سب سے پہلے ملک کے شمال مشرقی حصوں، خصوصاً پنجاب اور آزاد کشمیر کو متاثر کرے گا، جبکہ یکم جولائی سے شمالی علاقوں اور شمال مشرقی پنجاب میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ سمیت ملک کے بیشتر دیگر علاقوں میں آئندہ چند روز تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم خلیج بنگال کے اوپر کم دباؤ بننے کے باعث کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں بارش کا امکان موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ رواں مون سون سیزن کے دوران سندھ کے کئی علاقوں میں معمول سے کم بارشوں کی توقع ہے، تاہم بعض مقامات پر شدید بارشیں بھی ہو سکتی ہیں، جس کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔
مزیدپڑھیں:ٹیلر سوئفٹ کی شادی پر تنازعات شروع، سٹوں کا بازار گرم
محکمہ موسمیات نے مزید خبردار کیا ہے کہ ملک کے جنوبی علاقوں، وسطی پنجاب، مشرقی بلوچستان اور مغربی سندھ میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا قوی امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں طویل ہیٹ ویو کا خدشہ برقرار ہے، جبکہ شدید بارشوں کی صورت میں متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔








