بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اقراء یونیورسٹی بزنس اسکول کے زیر اہتمام معاشیات کے تصورات کی تخلیقی و بصری عکاسی کے عنوان سے تقریب کا انعقاد

کراچی۔ معاشیات کے مضمون کو تخلیقی انداز میں پیش کرنے کے لئے اقراء یونیورسٹی بزنس اسکول کے زیر اہتمام ” ایکون فلیمورا11.0۔معاشیات کے تصورات کی تخلیقی و بصری عکاسی” کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

جس میں طلبہ، اساتذہ، صنعت سے وابستہ ماہرین اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ مین کیمپس کراچی کے ای ڈی سی منی آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی تقریب کا مقصد معاشیات کے مضمون کو تخلیقی انداز میں پیش کرتے ہوئے عملی تعلیم، جدت اور اختراعی سوچ کو فروغ دینا تھا۔فیصل فنڈز کے تعاون سے منعقد ہونے والے ایونٹ کا بنیادی مقصد بصری صداکاری کے ذریعے معاشی تصورات کو زیادہ مؤثر، دلچسپ اور قابلِ فہم بنانا تھا۔

اس منفرد سرگرمی کے ذریعے طلبہ کو کاروباری اور معاشی موضوعات پر مختصر بصری کہانیاں تیار کرنے کی ترغیب دی گئی، جن میں تحقیق، تخلیقی صلاحیت، ٹیم ورک اور مؤثر ابلاغی مہارتوں کا عملی اظہار نمایاں رہا۔اس سال 14 سیکشنز سے تعلق رکھنے والے 600 سے زائد طلبہ نے مختلف ٹیموں کی صورت میں کاروباری معاشیات کے متنوع موضوعات پر ویڈیوز تیار کیں۔

تقریب کے دوران 24 ویڈیوز حاضرین کے سامنے پیش کی گئیں جنہیں 100 سے زائد طلبہ، اساتذہ اور مہمانوں نے دیکھا۔ ان ویڈیوز نے پیچیدہ معاشی تصورات کو عملی اور تخلیقی انداز میں پیش کرنے کی طلبہ کی صلاحیت کو نمایاں کیا۔ایونٹ کی صدارت ڈاکٹر عمار احمد صدیقی (ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ) نے کی جبکہ محترمہ نرگس نعمان (لیکچرر) نے بطور شریک نگران اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔

تقریب میں سینئر میڈیا پرسن اور پی آر پروفیشنل نعمان شبیر کے علاوہ ٹر توصیف شاہ، شان ایوان، ڈاکٹر عفت مغل اور مسٹر مرزا نوید بیگ نے بطور ججز اور معزز مہمان شرکت کی۔ ججز نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تجزیاتی سوچ، مؤثر ابلاغ، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت اور اعتماد تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئر میڈیا پرسن اور پی آر پروفیشنل نعمان شبیر نے کہا کہ طلبہ کو مختصر فلموں کے ذریعے معاشی موضوعات پیش کرتے دیکھنا انتہائی حوصلہ افزا ہے۔

مزیدپڑھیں:بھارتی آبی جارحیت کی وجہ سے ہمارے 6 ہزار لوگ جاں بحق ہو چکے، مصدق ملک

انہوں نے کہا کہ اس منفرد تصور نے نہ صرف ایک نسبتاً خشک سمجھے جانے والے مضمون کو زیادہ بصری، دلچسپ اور قابلِ فہم بنا دیا بلکہ طلبہ کے لیے ایک موثر اور عملی تعلیمی تجربہ بھی فراہم کیا۔ انہوں نے اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے طلبہ کو تخلیقی انداز میں معاشیات کو سمجھنے کا بہترین موقع فراہم کیا، جبکہ دیگر جامعات کو بھی اس طرز کے تعلیمی ماڈلز اپنانے پر غور کرنا چاہیے۔

ججز کی جانب سے تفصیلی جائزے کے بعد ایگرگیٹ ڈیمانڈ گروپ نے بہترین پریذنٹیشن، تخلیقی صلاحیت اور نظریاتی وضاحت کی بنیاد پر پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے 30 ہزار روپے کا انعام جیتا۔مارکیٹ پاور گروپ نے دوسری پوزیشن حاصل کی اور 20 ہزار روپے کا نقد انعام حاصل کیا جبکہ ایکسپورٹس گروپ تیسرے نمبر پر رہی اور 10 ہزار روپے کا نقد انعام اپنے نام کیا۔اس موقع پر فیکلٹی نمائندگان نے کہا کہ ایکون فلیمورا روایتی کلاس روم کی تعلیم سے آگے بڑھتے ہوئے طلبہ کو بصری تشریح، باہمی تعاون اور عملی اطلاق کے ذریعے معاشیات کو بہتر انداز میں سمجھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی کامیابی اقراء یونیورسٹی کے تعلیمی معیار، عملی تعلیم اور صنعت سے موثر روابط کے فروغ کے عزم کی عکاس ہے۔ پاکستان کے نمایاں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں شمار ہونے والی اقراء یونیورسٹی ایسے جدید تعلیمی ماڈلز کے فروغ کے لیے کوشاں ہے جو طلبہ کو تخلیقی صلاحیت، تنقیدی سوچ اور جدت کے ذریعے حقیقی دنیا کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرتے ہیں۔