ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ الیکٹرانک سگریٹ(E Waping) یعنی ویپنگ آنکھوں کے لیے محفوظ نہیں اور اس سے بینائی کے سنگین امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ایک نئی طبی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ الیکٹرانک سگریٹ (ویپنگ) کے ذریعے استعمال کی جانے والی نکوٹین بھی عام سگریٹ کی طرح صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً آنکھوں کی صحت کے حوالے سے اسے محفوظ متبادل نہیں سمجھا جا سکتا۔

امریکی طبی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق میں تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار افراد کے طبی اعداد و شمار کا ساڑھے چار سال تک جائزہ لیا گیا۔ محققین نے ان افراد کا تقابل کیا جنہوں نے نکوٹین کا استعمال مکمل طور پر ترک کر دیا تھا، ان لوگوں سے کیا جنہوں نے روایتی سگریٹ تو چھوڑ دیے مگر الیکٹرانک سگریٹ یا دیگر نکوٹین مصنوعات کا استعمال جاری رکھا۔
تحقیق کے مطابق ویپنگ یا دیگر نکوٹین مصنوعات استعمال کرنے والے افراد میں آنکھوں کے سنگین امراض کا خطرہ 7 فیصد زیادہ پایا گیا۔ سب سے نمایاں اضافہ ریٹینا کی خون کی نالیوں سے متعلق بیماریوں میں دیکھا گیا، جہاں خطرہ 24 فیصد تک زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق نکوٹین خون کی نالیوں کو سکڑنے پر مجبور کرتی ہے، جس سے خون کی روانی متاثر ہوتی ہے۔ آنکھ کے پچھلے حصے میں موجود ریٹینا روشنی کو محسوس کرنے والا نہایت حساس حصہ ہے، جو باریک خون کی نالیوں کے جال پر انحصار کرتا ہے، اس لیے خون کی روانی میں رکاوٹ اس حصے کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نکوٹین خون کی مناسب گردش میں خلل ڈال سکتی ہے، جسم میں سوزش کے عمل کو بڑھا سکتی ہے اور ایسے عوامل کو متحرک کر سکتی ہے جو پہلے ہی آنکھوں کی مختلف بیماریوں سے منسلک سمجھے جاتے ہیں۔
محققین نے واضح کیا کہ یہ نتائج خطرے میں نسبتی اضافے کی نشاندہی کرتے ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر ویپ استعمال کرنے والا شخص لازماً آنکھوں کی بیماری میں مبتلا ہوگا۔ تاہم جن افراد نے نکوٹین کا استعمال جاری رکھا، ان میں آنکھوں کے بعض امراض کا امکان مکمل طور پر نکوٹین چھوڑنے والوں کے مقابلے میں زیادہ دیکھا گیا۔
تحقیق میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اس سے روایتی سگریٹ محفوظ ثابت نہیں ہوتے، بلکہ آنکھوں کی صحت کے لیے سب سے کم خطرہ نکوٹین کا مکمل طور پر استعمال ترک کرنے میں ہے۔
مزید پڑھیں:آئی فون 18 پرو کی خفیہ دستاویزات اور تصاویر ڈارک ویب پر لیک، ایپل میں کھلبلی
تمباکو نوشی ترک کرانے کے ماہرین کے مطابق بہت سے افراد الیکٹرانک سگریٹ کو سگریٹ چھوڑنے کا ذریعہ سمجھتے ہیں، لیکن ویپنگ نکوٹین کی لت برقرار رکھتی ہے اور جسم میں دیگر ممکنہ نقصان دہ کیمیائی مادے بھی داخل کر سکتی ہے۔








