بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

راولپنڈی چیمبر میں بچوں میں ہونے والی نایاب بیماری پر معلوماتی سیشن، ڈاکٹر جمال ناصر اور ماہرین نے اپنی آراء سے آگاہ کیا

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی )راولپنڈی چیمبر میں گذشتہ روز سٹرائیو ٹرسٹ کے اشتراک سے بچوں میں ہونے والی ایک نایاب بیماری Spinal Muscular Atrophy کے حوالے سے معلوماتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن میں چیئرمین قمرجہاں فائونڈیشن ڈاکٹر جمال ناصر، مظہرالحق لون، صدر ندیم اے رؤف، سینئرنائب صدر عاصم محمود ملک، نائب صدر طلعت اعوان، ایگزیکٹو ممبران سمیت چیئرمین سٹرائیو ٹرسٹ یاسر خان ،ڈاکٹر نثار ،ماجد قریشی ،ساجد خان، راجہ مجاہدافسر و دیگرنے شرکت کی۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ربّ کائنات نے ہر بیماری کا علاج رکھا ہے ،خدمت انسانیہ سے بڑھ کر کوئی عبادت نہیں،یوریپین ممالک صحت عامہ سمیت تمام شعبہ جات میں تحقیق و جستجو سے انسانی بھلائی کےلئے نت نئی ایجادات کر رہے ہیں جبکہ ماضی میں تحقیق و جستجو مسلمانوں کی میراث رہی دنیا میں بےشمار ایجادات اور علوم کا فروغ مسلمانوں کی محنت اور لگن کی مرہون منت ہے ۔جبکہ وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ ہم لوگ ان کاموں سے دور ہوتے گئے ۔اسی محنت و لگن کی بدولت یورپین ممالک پوری دنیا پر اپنا کنٹرول جمائے ہوئے ہیں ۔ہمیں بھی اس جانب توجہ دینا ہو گی ۔سٹرائیو ٹرسٹ کی فلاحی خدمات لائق ستائش ہیں۔ اس سے قبل چیئرمین سٹرائیو ٹرسٹ یاسر خان نے شرکاءکو ٹرسٹ کی جاری سرگرمیوں اور بچوں میں ہونے والی نایاب اعصابی بیماری جس میں پٹھے سوکھ جاتے ہیں کے بارے میں تفصیل سے معلومات دیں۔ انہوں نے کہاہے کہ یہ ایک جیناتی بیماری ہے جس کی بروقت تشخیص لازمی ہے، پاکستان میں اس بیماری کی تشخیص اور علاج کے حوالے سے سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں اور اس کی دوائی بھی بہت مہنگی ہے۔ اس موقع پرصدر راولپنڈی چیمبر ندیم اے رؤف نے نایاب اعصابی بیماری کے بارے میں آگاہی اور مستحق مریض بچوں کے علاج کے لیے فنڈ ریزنگ کے حوالے سے سٹرائیو ٹرسٹ کی خدمات او ر کو ششوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ چیمبر اس بیماری کے بارے میں آگاہی کے لیے ہر ممکن معاونت کرے گا۔ اس موقع پر مظہرالحق لون اور راجہ مجاہدافسر نے مریض بچوں کے علاج کے لیے سٹرائیو ٹرسٹ کو عطیات بھی جمع کرائے۔