بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیسکو ، گیپکو نجکاری، سرمایہ کاروں کو بڑا ریلیف، درخواستوں کی تاریخ میں توسیع

اسلام آباد، نجکاری کمیشن نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (Discos Privatisation) کی نجکاری کے عمل کے تحت فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے لیے اظہارِ دلچسپی (ای او آئی) جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے، جبکہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

نجکاری کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فیسکو کے لیے اظہارِدلچسپی جمع کرانے کی نئی آخری تاریخ 7 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ گیپکو کی نجکاری میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاراب 21 اگست 2026 تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

دوسری جانب آئیسکو کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ بدستور 7 ستمبر 2026 برقرار رہے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تاریخوں میں توسیع ممکنہ سرمایہ کاروں کی درخواست پر کی گئی تاکہ انہیں کمپنیوں کی اندرونی جانچ (ڈیو ڈیلیجنس) مکمل کرنے، مالی اور قانونی معاملات کا جائزہ لینے اور جامع تجاویز تیار کرنے کے لیے مزید وقت میسر آ سکے۔

نجکاری کمیشن کے مطابق فیسکو، گیپکو اور آئیسکو حکومت کے ڈسکوز بیچ ون نجکاری پروگرام کا حصہ ہیں، جن میں 51 سے 100 فیصد تک شیئرز مینجمنٹ کنٹرول سمیت فروخت کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا بنیادی مقصد ان کی آپریشنل کارکردگی میں بہتری لانا، لائن لاسز اور مالی نقصانات میں کمی کرنا، نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور ملک کے پاور سیکٹر کو زیادہ مؤثر، پائیدار اور مالی طور پر مستحکم بنانا ہے۔

مزید پڑھیں:بھارتی کرکٹ ٹیم کا وائٹ بال سیریز کیلئے دورہ بنگلادیش کا امکان

نجکاری کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نجکاری کا پورا عمل مکمل شفافیت، مسابقت اورسرمایہ کار دوست اصولوں کے تحت آگے بڑھایا جائے گا تاکہ قومی معیشت اور توانائی کے شعبے میں دیرپا اصلاحات کو یقینی بنایا جا سکے۔