وزیر خزانہ(FINANCE MINISTER) اورنگزیب کا ایف بی آر کو خراجِ تحسین، ڈھائی سال میں ٹیکس وصولیاں دگنی، مالی خسارہ کم ترین سطح پر لانے کا دعویٰ
معاشی استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہے ہیں، بجٹ کاروبار، برآمدات اور تنخواہ دار طبقے کے لیے سازگار ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران پاکستان کی ٹیکس وصولیاں تقریباً دوگنی ہو چکی ہیں، جبکہ مالی سال 2025-26 میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مقررہ ہدف سے بڑھ کر 13 ٹریلین روپے سے زائد محصولات جمع کرکے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
ایف بی آر میں لیڈرشپ اور فیلڈ فارمیشنز سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے مالی سال کے ریونیو ہدف کے کامیاب حصول پرایف بی آرکی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا مقررہ ہدف 12.83 ٹریلین روپے تھا تاہم ادارے نے اس سے بڑھ کر 13 ٹریلین روپے سے زائد ٹیکس وصول کر کے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ماضی میں اتنی مختصر مدت میں اس نوعیت کا ریونیو ہدف حاصل نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق حکومت نے مالی خسارہ کم ترین سطح پر رکھتے ہوئے مالی سال کامیابی سے مکمل کیا، جو ٹیم ورک، مسلسل اصلاحات اور ایف بی آر کے افسران و عملے کی محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بہتر ریونیو کارکردگی کے باعث مالی خسارے میں نمایاں کمی آئی اور ملکی معیشت کی بنیادیں مزید مضبوط ہوئیں۔
وزیر خزانہ کے مطابق ایف بی آر نے مالی سال کے دوران 599 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز جاری کیے، جبکہ مالی سال کے آخری روز 13.5 ارب روپے کے ریکارڈ ریفنڈز ادا کیے گئے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کا فاٹا اور پاٹا میں ٹیکسز کے خلاف ہڑتال کی حمایت کا اعلان
وزیر خزانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکس نظام، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے ایف بی آر کو مزید مؤثر، شفاف اور ٹیکس دہندگان کے لیے سہولت فراہم کرنے والا ادارہ بنایا جائے گا تاکہ عوامی اعتماد میں مزید اضافہ ہو سکے۔








