وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام (Amir Muqam) نے بلوچستان کے ضلع زیارت میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وطن کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے اور قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔
مزیدپڑھیں:کسانوں کو پراسیسنگ صنعتوں کے لیے قرضے اور رہنمائی فراہم کی جائے، وزیراعظم
وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، جبکہ ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
انجینئر امیر مقام نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل دے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔








