وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی میں مشرقی پڑوسی(Eastern neighbour) کا ہاتھ ہے، سب مل کر فتنے کو ختم کریں گے۔
کوئٹہ میں صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مشرقی ہمسایہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، دہشتگرد تنظیموں کو اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے، دہشتگرد افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں، سیاسی و عسکری قیادت کا عزم ہے کہ ہم نے ملکر دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہے، ہم نے فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہیں، دہشتگردی کے فتنے کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں دہشتگردی کے سنگین واقعات رونما ہوئے، جن کے نتیجے میں پولیس، پاک فوج کے جوان، شہری شہید ہوئے، مختلف کارروائیوں میں 54 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
مزید پڑھیں:سردار اختر مینگل کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، سیاسی صورتحال پرگفتگو
شہباز شریف نے کہا کہ آخری فسادی کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ملک میں جلد دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا، پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔








