شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران زخمی سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔
پولیس کے مطابق کلفٹن(Clifton) کے علاقے بوٹ بیسن میں پولیس گشت کے دوران اتوار بازار کے قریب موٹرسائیکل سوار دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ دوسرے کو بغیر زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت زخمی ساحل ذوالفقار ولد ذوالفقار علی اور شاہد ولد فضل ربی کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک موٹرسائیکل، دو موبائل فونز اور 30 بور پستول بمعہ گولیاں برآمد کرلیں۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دوسرے ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کردیا گیا۔
دوسری کارروائی اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ میں کی گئی، جہاں پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا۔
پولیس کے مطابق سریا مل زافرانی کانٹے کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
پولیس نے گرفتار ملزم کی شناخت نوید حسین ولد محمد ہاشم کے نام سے کی ہے۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، چلیدہ خول، نقدی رقم اور زیر استعمال موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ دونوں واقعات میں مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔








