بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فٹبال شائقین کیلئے حیران کن اعلان، ورلڈ کپ فائنل کے گراؤنڈ کی گھاس بھی فروخت ہوگی!

فیفا(Fifa) نے 2026 ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد سٹیڈیم کی اصل گھاس کے ٹکڑوں کو یادگاری اشیا کے طور پر فروخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے, ان ٹکڑوں کی قیمت 450 سے 3 ہزار ڈالر تک رکھی گئی ہے، جبکہ اس منصوبے سے فیفا کو ایک کروڑ ڈالر سے زائد آمدن ہونے کی توقع ہے۔

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد بھی آمدن حاصل کرنے کے لیے منفرد منصوبہ متعارف کرا دیا ہے, تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ فائنل میچ میں استعمال ہونے والی پچ کی اصل گھاس کے ٹکڑوں کو یادگاری اشیا (میمورابیلیا) کے طور پر فروخت کیا جائے گا۔

 فیفا کے مطابق شائقین 450، 900، 1200 اور 3 ہزار امریکی ڈالر تک کی مختلف قیمتوں میں پچ کے محفوظ کیے گئے ٹکڑے خرید سکیں گے, ہر ٹکڑے کو خصوصی ایکرائلک کیس میں محفوظ کیا جائے گا، جس میں اس کی اصلیت کا تصدیقی سرٹیفکیٹ بھی شامل ہوگا۔

مزیدپڑھیں:پاکستانیوں کے لیے ’چیٹ جی پی ٹی‘ کا بڑا اعلان، 50,000 ڈالرز جیتنے کا سنہری موقع

میڈیا رپورٹس کے مطابق فیفا کو اس فروخت سے ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر سے زائد آمدن ہونے کی توقع ہے, ہر قیمت کے درجے میں زیادہ سے زیادہ 2 ہزار 26 ٹکڑے فروخت کیے جائیں گے، جو 2026 ورلڈ کپ کی مناسبت سے مخصوص تعداد رکھی گئی ہے۔

فیفا کا کہنا ہے کہ یہ یادگاری اشیا خصوصی طور پر ان شائقین اور کلیکٹرز کے لیے تیار کی گئی ہیں جو ورلڈ کپ فائنل کی تاریخی یاد کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں, مہنگے ترین پیکیج میں پچ کے ٹکڑے کے ساتھ سونے کی نقاشی والا یادگاری ٹکٹ، ورلڈ کپ کی منی گیند اور کرسٹل سے تیار کردہ ورلڈ کپ ٹرافی کی نقل بھی شامل ہوگی۔

ورلڈ کپ 2026 کا فائنل امریکا کے نیو جرسی-نیو یارک اسٹیڈیم (سابقہ میٹ لائف اسٹیڈیم) میں کھیلا جائے گا, اس اسٹیڈیم کی پچ کے حوالے سے کھلاڑیوں اور کوچز کی جانب سے پہلے بھی تحفظات سامنے آ چکے ہیں، کیونکہ یہاں امریکی فٹبال کے مقابلوں کے لیے عام طور پر مصنوعی گھاس استعمال کی جاتی ہے، تاہم ورلڈ کپ کے لیے قدرتی گھاس بچھائی گئی ہے۔