انگلینڈ(England) اور ویلز میں 2025ء کے دوران پیدا ہونے والے لڑکوں کے لیے محمد مسلسل تیسرے سال بھی سب سے زیادہ رکھا جانے والا نام قرار پایا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2025ء میں تقریباً 6 ہزار بچوں کا نام محمد رکھا گیا، جو دوسرے مقبول ترین نام نوح (Noah) سے تقریباً 2 ہزار زیادہ ہے، محمد اور نوح 2023ء سے مسلسل پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اس سال لیو (Leo) اور لوکا (Luca) بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے، جبکہ آرتھر (Arthur)، اولیور (Oliver) اور جارج (George) کی درجہ بندی میں کمی آئی۔
برطانیہ کے آفس فار نیشنل اسٹیٹکس کے مطابق محمد کے دیگر ہجوں Mohammed اور Mohammad بھی مقبول ترین 100 ناموں میں شامل رہے، Mohammed بیسویں جبکہ Mohammad پچپنویں نمبر پر رہا اور ان دونوں ہجوں کے ساتھ مزید تقریباً 2600 بچوں کے نام رکھے گئے۔
مزیدپڑھیں:توہینِ مذہب کے مقدمے میں گرفتار اینکر ریحان طارق جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ
او این ایس مختلف ہجوں (Spellings) کو الگ الگ شمار کرتا ہے، اس لیے ان تمام ناموں کو ایک ساتھ شامل نہیں کیا جاتا۔
دوسری جانب لڑکیوں میں اولیویا (Olivia) مسلسل سب سے مقبول نام رہا، جبکہ اس کے بعد للی (Lily)، امیلیا (Amelia)، اسلا (Isla) اور فلورنس (Florence) کے نام شامل ہیں۔
واضح رہے کہ محمد 2016ء سے مسلسل انگلینڈ اور ویلز کے ٹاپ 10 مقبول ترین لڑکوں کے ناموں میں شامل ہے، جبکہ یہ نام پہلی بار 1997ء میں ٹاپ 100 فہرست کا حصہ بنا تھا۔









