اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نے دوبارہ اسرائیل پر حملہ کیا تو اس بار جواب پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور اور فیصلہ کن ہوگا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نیتن یاہو نے جنوبی اسرائیل کے شہر دیمونا میں منعقدہ نیگیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انھوں نے ایرانی قیادت کی جانب سے اسرائیل کو نشانہ بنانے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کسی بھی نئے حملے کا بھرپور جواب دے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ میں ایرانی قیادت کو خبردار کرتا ہوں کہ اگر آپ نے ہم پر حملہ کیا تو یہ نہ سمجھیں کہ ہم اس پر خاموش رہیں گے۔
نیتن یاہو نے مزید کہا کہ میں بتانا چاہتا ہوں، وہ دن گزر چکے جب کوئی ہم پر حملہ کرے اور ہم جواب میں کوئی فیصلہ کن وار نہ کریں۔
وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ اب اسرائیل جو جوابی حملہ کرے گا وہ پہلے جیسا نہیں ہوگا بلکہ اس سے کہیں زیادہ طاقتور اور تباہ کن حملہ ہوگا۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز پر جاری کشمکش ایک بار پھر جنگی صورتحال میں تبدیل ہوگئی۔ دونوں اس اہم آبی گزرگاہ کا کنٹرول اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں۔
جنگ بندی کے بعد پھر سے جنگ کا آغاز اس وقت ہوا جب ایران نے پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے پر آبنائے ہرمز میں ایک بڑے تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا تھا۔
جواب میں امریکا نے ایران میں ملٹری اہداف اور ایک اہم تجارتی ریلوے پل کو بھی نشانہ بنایا تھا جو ایران کو قازقستان اور روس سے ملاتا ہے۔
مزید پڑھیں:400کلو چاندی چوری کیس، سابق کلکٹر کسٹم سمیت 5 مزید ملزمان گرفتار
ساتھ ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملے جاری رہیں گے تاہم ان کی تکنیکی ٹیم مذاکرات بھی کرتی رہے گی۔









