اسلام آباد(نیوزڈیسک)قومی ادارہ صحت نے شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والی 8 ماہ کی بچی کے نمونوں کا جائزہ لینے کے بعد اس کے پولیو کا شکار ہونے کی تصدیق کردی۔
رواں سال اب تک ملک بھر میں پولیس کے 14 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے صرف ایک کیس لکی مروت سے رپورٹ ہوا جب کہ باقی 13 کیس شمالی وزیستان سے سامنے آئے۔
دنیا بھر میں انسداد پولیو کے لئے کی جانے والی ویکسی نیشن کامیاب ثابت ہورہی ہے، اس وقت دنیا کے 99 فیصد ممالک پولیو سے پاک ہیں، رواں برس صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان میں پولیو کے 15 کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک دہانی کے بعد امریکا میں بھی پولیو کا ایک کیس سامنے آیا ہے۔
افغانستان اور پاکستان کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹرز اپنی آئندہ نسلوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے باہمی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں نے مئی اور جون میں انسداد پولیو کی دو مہمات مشترکہ طور پر بھی چلائی ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بین الاقوامی سرحدوں پر تمام عمر کے بچوں کو قطرے پلانے کے ساتھ ساتھ تمام اہم ٹرانزٹ پوائنٹس پر 10 سال سے کم عمر کے بچوں کو قطرے پلانے کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
شمالی وزیرستان میں ایک اور بچہ پولیو سے زندگی بھر کے لئے معذور








