بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئی سی سی ، ون ڈے اور T20 ورلڈکپ کو مزید دلچسپ بنانے کیلئے فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایونٹ کو مزید دلچسپ بنانے کےلیے میگا ایونٹس کے فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دے دی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 14 ٹیموں پر مشتمل مینز ون ڈے ورلڈ کپ میں تین مرحلوں پر مشتمل نیا فارمیٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، میگا ایونٹ کا آغاز 12، 13 اور14 نمبر کی ٹیموں کے درمیان “سپر سیریز” مرحلے سے ہوگا۔

سپر سیریز کی فاتح ٹیم دوسرے مرحلے میں جگہ بنائے گی جہاں بارہ ٹیمیں 6، 6 دو گروپس میں مد مقابل ہوں گی اور دوسرے مرحلے سے مجموعی طور پر 7 ٹیمیں “سپر 7” مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی یعنی دونوں گروپس کی ٹاپ تین، تین ٹیموں کے ساتھ ایک بہترین رینکڈ ٹیم سپر سیون مرحلے میں شامل ہو گی۔

7 ٹیموں کے ایک دوسرے کے خلاف میچز کے بعد ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ نئے ورلڈ کپ فارمیٹ کا مقصد پہلے میچ سے ہی ہر مقابلے کو زیادہ اہم اور دلچسپ بنانا ہے۔

دوسری جانب 20 ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر 8 کی جگہ سپر 10 مرحلہ متعارف کرایا گیا ہے، پہلے مرحلے میں 20 ٹیموں کو 5 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ سے دو، دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

سپر 10 مرحلے میں دو گروپس بنیں گے، دونوں گروپس کی پہلی پوزیشن والی ٹیم براہ راست سیمی فائنل کھیلیں گی جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن کی ٹیموں کے درمیان پہلی بار ایلیمینیٹر میچز کھیلے جائیں گے اورایلیمینیٹر میچز کے فاتح سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گے۔

مزید پڑھیں:خواہش ہے پاکستان سے عالمی باکسنگ چیمپین سامنے آئیں، عامر خان

آئی سی سی نے ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کرانے کی بھی منظوری دے دی۔