بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اینڈرائیڈ 16 میں سیکیورٹی خامی کا انکشاف، لاک اسکرین بائی پاس ہونے کا خدشہ

اینڈرائیڈ 16 میں ایک نئی سیکیورٹی خامی سامنے آئی ہے، جس کے باعث مخصوص حالات میں لاک اسکرین کے حفاظتی نظام کو بائی پاس کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ گوگل نے اس خامی سے آگاہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مسئلے کے حل کے لیے اصلاحی سیکیورٹی اپ ڈیٹ تیار کی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ خامی گوگل کے مصنوعی ذہانت پر مبنی اسسٹنٹ جیمینائی (Gemini) کے لاک اسکرین فیچر سے متعلق ہے۔ اگر کسی صارف نے پہلے سے جیمینائی کی میسجز یا واٹس ایپ جیسی ایپس تک رسائی محدود کر رکھی ہو تو عام حالات میں ان ایپس تک رسائی حاصل کرنے کے لیے فون کا پِن یا دیگر تصدیقی عمل درکار ہوتا ہے۔

تاہم ماہرین کے مطابق ایک مخصوص طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے( جس میںایڈ، اٹیچمنٹ اورکنٹینیو بٹن ایک ساتھ دبائے جاتے ہیں) بٹن بیک وقت دبائے جاتے ہیں، بعض صورتوں میں پِن کی تصدیق کا مرحلہ نظر انداز ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد حملہ آور نہ صرف پیغامات بھیج سکتا ہے بلکہ جیمینائی کے لیے پہلے سے بند کی گئی واٹس ایپ رسائی بھی دوبارہ فعال کر سکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گوگل کو اس خامی کے بارے میں مئی میں آگاہ کر دیا گیا تھا۔ اگرچہ ابتدائی طور پر اس مسئلے کی نشاندہی پکسل فونز پر ہوئی، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دیگر اینڈرائیڈ ڈیوائسز بھی اس سے متاثر ہو سکتی ہیں۔ فی الحال یہ واضح نہیں کہ کون سے برانڈز یا اینڈرائیڈ کے کون سے ورژنز اس خطرے کی زد میں ہیں۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق اس قسم کے مسائل کو Authentication Bypass یا Lock Screen Bypass کہا جاتا ہے، جن کے ذریعے حفاظتی تصدیقی نظام کو نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ جیسے ہی گوگل کی جانب سے سرکاری سیکیورٹی اپ ڈیٹ جاری کی جائے، اسے فوری طور پر انسٹال کریں۔ اس کے علاوہ غیر ضروری ایپ پرمیشنز کا جائزہ لیتے رہیں اور اپنے فون کو ہمیشہ تازہ ترین سیکیورٹی پیچ کے ساتھ اپ ڈیٹ رکھیں تاکہ ممکنہ سائبر خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔