دنیا کے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ(Mrbeast) نے اپنی دیرینہ دوست اور گیمنگ اسٹریمر تھیا بوئسن کے ساتھ شادی کر لی۔
مسٹر بیسٹ نے انسٹاگرام پر اپنی شادی کی خوبصورت تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کے ساتھ خوشخبری شیئر کی ہے۔
انہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ مجھے مسز بیسٹ (MrsBeast) مل گئی اور یہ میری زندگی کا بہترین دن تھا۔
تصاویر میں نوبیاہتا جوڑا انتہائی خوش اور رومانوی انداز میں نظر آیا، جبکہ شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی مداحوں نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
ایک مداح نے لکھا ہے کہ جمی! تم ہر خوشی کے مستحق ہو جبکہ ایک اور نے تبصرہ کیا کہ یہ بہترین جوڑی ہے جو ایک دوسرے کے لیے بنی ہے۔
28 سالہ مسٹر بیسٹ نے اپنی شادی کے موقع پر کریم رنگ کا ٹکسیڈو اور سیاہ بو ٹائی زیب تن کی جبکہ دلہن تھیا بوئسن نے نفیس لیس والا سفید عروسی لباس پہن رکھا تھا، دونوں کی تصاویر محبت، خوشی اور جشن کی عکاسی کرتی دکھائی دیں۔
مزیدپڑھیں:جنوبی وزیرستان: تیز بارش سے چھت گر گئی، 4 افراد جاں بحق
دونوں کی پہلی ملاقات 2022ء میں جنوبی افریقا میں ایک مشترکہ دوست کے ذریعے ہوئی، جہاں یوٹیوب، سائنس اور سیکھنے کے مشترکہ شوق نے انہیں ایک دوسرے کے قریب کر دیا۔
بعد ازاں جنوری 2025ء میں مسٹر بیسٹ نے منفرد انداز میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا، جس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی تھی۔
26 سالہ تھیا بوئسن جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والی معروف کنٹینٹ کری ایٹر، مصنفہ اور گیمنگ اسٹریمر ہیں۔
انہوں نے اسٹیلن بوش یونیورسٹی سے قانون میں بیچلرز اور نفسیات میں آنرز کی ڈگری حاصل کی، جبکہ بعد ازاں یونیورسٹی آف ایڈنبرا سے ہیومن کاگنیٹو نیورو سائیکالوجی میں ماسٹرز مکمل کیا۔
تھیا 2016ء سے ٹوئچ اور یوٹیوب پر اسٹریمنگ کر رہی ہیں، جہاں وہ خاص طور پر اسٹریٹجی کارڈ گیمز کھیلنے کے لیے جانی جاتی ہیں۔









