بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نصیر الدین شاہ طلبہ پر لاٹھی چارج پر برس پڑے، حکومت کو سخت پیغام

بالی وڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ نے نئی دہلی میں طلبہ کے احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے کیے گئے لاٹھی چارج پر شدید ردعمل دیتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں نصیر الدین شاہ نے طلبہ پر طاقت کے استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی جاہل شخص کے ہاتھ میں اقتدار آ جائے تو وہ پورے معاشرے کو بھی اپنی طرح جاہل، بے حس اور بے رحم بنانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کے ساتھ ہونے والا سلوک دیکھ کر ان کا دل دکھ اور غصے سے بھر گیا ہے۔ ان کے بقول، احتجاج کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کارروائی کرنے والے اہلکاروں کا انداز انہیں امریکا کے امیگریشن ادارے آئی سی ای (ICE) کے اہلکاروں کی یاد دلاتا ہے، جو چہرے ڈھانپ کر طاقت کا استعمال کرتے ہیں۔

نصیر الدین شاہ نے پولیس اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ بھی سوچنا چاہیے کہ ان کے اپنے بچے بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں، اور ہر عمل کا انجام ایک دن ضرور سامنے آتا ہے۔

انہوں نے احتجاج کرنے والے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ حوصلہ نہ ہاریں اور اپنے حقوق کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ ان کی حمایت میں کھڑے ہیں اور انہیں یقین رکھنا چاہیے کہ ان کی آواز سنی جائے گی۔اداکار نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے مختصر مگر سخت پیغام دیا کہ سب یاد رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ نئی دہلی میں نوجوانوں کی سیاسی جماعت کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے وزیر تعلیم کے استعفے کے مطالبے پر پارلیمنٹ کی طرف مارچ کی کوشش کی گئی تھی۔ پولیس نے مارچ روکنے کے لیے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا، جس کے بعد اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں اور مختلف حلقوں کی جانب سے ردعمل سامنے آ رہا ہے۔