وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا اور یہ 23 جولائی سے نافذ العمل ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 327 روپے 12 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت بڑھ کر 375 روپے 4 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قیمتوں میں ردوبدل عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں، درآمدی لاگت اور دیگر معاشی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تازہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے، جس سے عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ حکومت ہر روزاوگرا کی سفارشات اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لے کر نئی قیمتوں کا اعلان کرتی ہے۔
تازہ اضافے کے بعد عوامی اور کاروباری حلقوں کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آنے والے دنوں میں اس فیصلے کے ملکی معیشت اور مہنگائی پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔









