بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

Apple کا بڑا فیصلہ، iPhone 18 کی لانچ 2027 تک مؤخر ہونے کا امکان

کیلیفورنیا:ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے نئے آئی فون ماڈلز کی لانچنگ حکمت عملی میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اسٹینڈرڈ آئی فون 18 کی ریلیز 2027 تک مؤخر کیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل ستمبر 2026 میں صرف آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور کمپنی کا پہلا فولڈیبل آئی فون متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ اسٹینڈرڈ آئی فون 18 اور آئی فون 18 ای کی لانچ مارچ سے جون 2027 کے درمیان متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی فون 18 کی لانچ میں تاخیر سپلائی چین کے مسائل کی وجہ سے نہیں بلکہ ایپل کی نئی مصنوعات متعارف کرانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

مزید پڑھیں:آئی فون 18 پرو سے متعلق اہم ڈیٹا لیک!

معروف سپلائی چین تجزیہ کار منگ چی کوؤ کے مطابق آئی فون 18 اور آئی فون 18 ای میں 9 جی بی ریم دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ پرو ماڈلز میں 12 جی بی ریم متوقع ہے۔

رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، جو تقریباً 200 ڈالر تک متوقع ہے۔ اس کے علاوہ ایپل کے پہلے فولڈیبل آئی فون کی قیمت 2000 ڈالر سے زائد ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اگر یہ رپورٹس درست ثابت ہوتی ہیں تو ستمبر 2026 میں نئے آئی فون پر اپ گریڈ کرنے والے صارفین کے لیے نسبتاً کم قیمت والا اسٹینڈرڈ ماڈل دستیاب نہیں ہوگا، کیونکہ معیاری اور بجٹ آئی فونز کی فروخت 2027 تک مؤخر کی جا سکتی ہے۔

ایپل کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم نئی حکمت عملی کمپنی کی آئی فون سیریز کو مرحلہ وار متعارف کرانے کی کوشش قرار دی جا رہی ہے۔