کراچی: سندھ حکومت نے معروف صوفی بزرگ حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ کے عرس کے موقع پر 29 جولائی کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بدھ 29 جولائی کو حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ کے عرس کی مناسبت سے صوبے بھر میں تعطیل ہوگی۔ اس دوران تمام صوبائی سرکاری دفاتر، نیم سرکاری ادارے اور خود مختار ادارے بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بلدیاتی کونسلز اور صوبے کے تعلیمی ادارے بھی 29 جولائی کو بند رہیں گے۔ حکام نے تمام متعلقہ اداروں کو تعطیل کے حوالے سے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
مزید پڑھیں:درگاہ شاہ عبدالطیف بھٹائی پر چوری کی واردات، چورگیٹ توڑ کر چاندی لے اڑے
حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ سندھ کے عظیم صوفی شاعر اور روحانی بزرگ مانے جاتے ہیں، جن کا کلام محبت، امن، انسانیت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔ ان کا عرس ہر سال مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔
شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ کا عرس اسلامی کیلنڈر کے مطابق صفر کے مہینے کی 14 تاریخ کو منعقد کیا جاتا ہے، جس کے دوران بھٹ شاہ میں تین روزہ تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
عرس کی تقریبات میں ملک بھر سے عقیدت مند بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں، جہاں قرآن خوانی، محافلِ سماع، ادبی نشستوں اور دیگر روحانی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے تعطیل کا مقصد شہریوں کو عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے۔









