فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی ارکان کانگریس سے ملاقات کے دوران پائیدار علاقائی استحکام کی بنیاد اقتصادی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط پر تبادلہ خیال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی ارکان کانگریس نے جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، امریکی وفد میں ریاستِ مونٹانا سے تعلق رکھنے والے رکن ایوانِ نمائندگان ریان کیتھ زنکے اور واشنگٹن سے تعلق رکھنے والے مائیکل جیمز شامل تھے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی کی صورتحال، دوطرفہ دفاعی، اقتصادی تعاون اور خوشحالی کے فروغ کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں فیلڈ مارشل نے پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کی بنیاد اقتصادی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط میں مضمر ہے۔
اس کے علاوہ فیلڈ مارشل نے کاروبار دوست ماحول کی تشکیل اور غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جاری اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاک امریکا اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں:نیوزی لینڈ میں مہلک H5 برڈ فلو وائرس کی تصدیق، عالمی ہنگامی الرٹ جاری
مزیدبراں امریکی وفد نے ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی روابط، نجی شعبے کے اشتراک اور باہمی تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے مواقع پر بھی بات چیت کی۔









