شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے جاپان(Japan) میں ایسا لباس متعارف کرادیا گیا ہے جس میں چھوٹے پنکھے اور ری چارج ایبل بیٹری نصب ہے، جو چلتے پھرتے جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
جاپانی ملبوسات تیار کرنے والی کمپنی یوفوکو نو آویاما نے پنکھوں سے لیس کمپنی ایف زیڈ این کے اشتراک سے آدھی آستینوں والی ایک ایسی شرٹ تیار کی ہے جو بظاہر عام دفتری لباس دکھائی دیتی ہے، تاہم اس کے اندر کولنگ سسٹم نصب ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شرٹ کے پچھلے حصے میں کمر کے قریب دو چھوٹے پنکھے لگائے گئے ہیں۔ پنکھے چلنے کے بعد ہوا کو شرٹ کے اندر گردش کراتے ہیں، جس سے پہننے والے کے جسم کو گرمی میں ٹھنڈا رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
جاپان میں اس نوعیت کے کولنگ ملبوسات گزشتہ چند برسوں سے تعمیرات، صفائی اور ایونٹ سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں کام کرنے والے افراد میں استعمال ہو رہے ہیں، تاہم یہ لباس عموماً جیکٹ یا ویسٹ کی شکل میں ہوتے ہیں۔
اب موسم گرما کی بڑھتی ہوئی شدت کے باعث دفتری ملازمین اور عام شہریوں میں بھی ایسے ملبوسات کی طلب بڑھ رہی ہے۔ اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی نے ایسا ڈیزائن تیار کیا ہے جو دفتری ماحول میں بھی نسبتاً رسمی لباس کی طرح دکھائی دیتا ہے۔
مزیدپڑھیں:ویسٹ انڈیز کا دورہ ختم، قومی کرکٹ ٹیم گوروں کے دیس روانہ
کمپنی کے مطابق شرٹ میں نصب دونوں پنکھوں میں سے ہر ایک کا وزن 95 گرام جبکہ ری چارج ایبل بیٹری پیک کا وزن 165 گرام ہے۔ ڈیزائنرز نے کوشش کی ہے کہ کولنگ سسٹم کو زیادہ سے زیادہ ہلکا رکھا جائے اور پنکھے شرٹ کی مجموعی شکل کو زیادہ متاثر نہ کریں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ شرٹ خاص طور پر ان افراد کے لیے مفید ہوسکتی ہے جو شدید گرمی میں ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر کرتے ہیں، پیدل چلتے ہیں یا پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہیں۔ ایئر کنڈیشنڈ دفتر یا میٹنگ روم میں پہنچنے کے بعد پنکھوں کو چلانے کی ضرورت نہیں رہتی۔
قیمت کتنی ہے؟
رپورٹ کے مطابق ’کُوچو وئیر شارٹ سلیو شرٹ‘ کا مکمل ابتدائی پیکج 17 ہزار 490 جاپانی ین میں فروخت کیا جارہا ہے۔
پیکج میں شرٹ کے ساتھ دونوں پنکھے، ری چارج ایبل بیٹری پیک اور چارجنگ کیبل بھی شامل ہیں۔ شرٹ نیلے اور سرمئی رنگوں میں دستیاب ہے جبکہ اسے درمیانے، بڑے اور ایکسٹرا لارج سائز میں پیش کیا گیا ہے۔
کمپنی کے اسٹورز اور آن لائن شاپ پر اس انوکھے کولنگ لباس کی فروخت بھی شروع کردی گئی ہے۔









