بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جاپانی شاہکار، گرمی میں ٹھنڈے رہیں، پنکھے والی شرٹ متعارف کرادی

جاپان میں بڑھتی ہوئی گرمی نے روزمرہ لباس کو بھی جدید ٹیکنالوجی سے جوڑ دیا ہے۔ شدید موسم کے پیش نظر جاپانی کمپنی نے ایسی آدھی آستینوں والی شرٹ متعارف کرائی ہے جس میں چھوٹے پنکھے نصب ہیں اور یہ پہننے والے کو چلتے پھرتے ٹھنڈی ہوا فراہم کرتے ہیں۔

ملبوسات تیار کرنے والی جاپانی کمپنی یوفوکو نو آویاما نے پنکھوں سے لیس یہ شرٹ، ایئر کولڈ ملبوسات تیار کرنے والی کمپنی ایف زیڈ این کے اشتراک سے تیار کی ہے۔ بظاہر سادہ دکھائی دینے والی اس شرٹ میں جدید کولنگ سسٹم موجود ہے، جس کا ایک حصہ کمر کے قریب شرٹ کے پچھلے حصے میں نصب کیا گیا ہے۔

شرٹ کے دونوں پنکھے ہوا کو لباس کے اندر گردش کراتے ہیں، جس سے جسم کے گرد ٹھنڈک پیدا ہوتی ہے۔ اس میں ری چارج ایبل بیٹری بھی نصب ہے اور کمپنی کے مطابق کولنگ سسٹم کو حتیٰ الامکان ہلکا رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ہر پنکھے کا وزن تقریباً 95 گرام جبکہ بیٹری پیک 165 گرام وزنی ہے۔ اگرچہ شرٹ کو پیچھے سے دیکھنے پر پنکھوں کی موجودگی محسوس ہوتی ہے، تاہم ڈیزائنرز نے انہیں دیگر زاویوں سے کم نمایاں رکھنے کی کوشش کی ہے تاکہ لباس دفتری ماحول کے لیے بھی موزوں دکھائی دے۔ کمپنی نے پنکھوں سے پیدا ہونے والے شور کی شدت کے بارے میں کوئی واضح تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

جاپان میں پنکھوں والے ایئر کولڈ ملبوسات گزشتہ چند برسوں سے استعمال ہورہے ہیں، تاہم اب تک یہ زیادہ تر تعمیراتی کارکنوں، کچرا اٹھانے والے عملے اور ایونٹ سکیورٹی سے وابستہ افراد کے لیے مخصوص رہے ہیں۔ یہ لباس عموماً جیکٹ یا ویسٹ کی شکل میں تیار کیے جاتے ہیں، اس لیے انہیں روایتی دفتری لباس کا حصہ نہیں سمجھا جاتا تھا۔

موسمی شدت میں اضافے کے باعث اب عام شہریوں اور دفتری ملازمین میں بھی ایسے لباس کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔ اسی رجحان کو دیکھتے ہوئے نئی شرٹ کو روایتی رسمی لباس کی شکل میں تیار کیا گیا ہے تاکہ گرمی سے بچاؤ کے ساتھ دفتری انداز بھی برقرار رہے۔

کمپنی کے مطابق یہ شرٹ میٹنگ روم میں بیٹھنے کے بجائے سفر کے دوران زیادہ کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔ عام طور پر میٹنگز ایئر کنڈیشنڈ کمروں میں ہوتی ہیں، اس لیے وہاں پنکھے چلانے کی ضرورت نہیں پڑتی، لیکن ایک میٹنگ سے دوسری میٹنگ کے لیے شہر میں سفر کرتے ہوئے، دھوپ میں پیدل چلنے یا پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کے دوران کولنگ سسٹم جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کی وجہ سے ملازمین کو کسی منزل پر پہنچنے کے بعد پسینے سے بھیگے کپڑے تبدیل کرکے دوبارہ رسمی لباس پہننے کی ضرورت بھی کم ہوسکتی ہے۔

قیمت کی بات کی جائے تو ’کوچو وئیر شارٹ سلیو شرٹ‘ کا مکمل ابتدائی پیکج 17 ہزار 490 جاپانی ین میں فروخت کیا جارہا ہے۔ پیکج میں شرٹ کے ساتھ دونوں پنکھے، ری چارج ایبل بیٹری پیک اور چارجنگ کیبل بھی شامل ہیں۔

مزید پرھیں:اسٹار فٹبالر لیونل میسی کے والد جارج میسی 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

یہ شرٹ فی الحال نیلے اور سرمئی رنگوں میں دستیاب ہے جبکہ اسے درمیانے، بڑے اور ایکسٹرا لارج سائز میں پیش کیا گیا ہے۔ کمپنی کے اسٹورز کے علاوہ آن لائن شاپ پر بھی اس کی فروخت شروع کردی گئی ہے۔