بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

موبائل پیکجز کے موازنے کیلئے نیا پورٹل متعارف کرا دیا دیا گیا

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے ملک بھر کے موبائل صارفین کے لیے نئی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے صارفین مختلف موبائل آپریٹرز کے کال، ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ پیکجز کا ایک ہی پلیٹ فارم پر موازنہ کرسکیں گے۔

پی ٹی اے کے مطابق یہ سہولت ادارے کی ویب سائٹ کے کنزیومر اویئرنس سیکشن میں شامل کی گئی ہے۔ نئے پلیٹ فارم پر صارفین جاز، زونگ، یوفون اور ٹیلی نار سمیت مختلف موبائل آپریٹرز کے دستیاب پیکجز کی قیمت، ڈیٹا، کال منٹس، ایس ایم ایس اور دیگر سہولیات کا تقابلی جائزہ لے سکیں گے۔
پرانی اور نئی قیمتوں کا بھی موازنہ
نئے نظام کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ صارفین موجودہ قیمتوں کے ساتھ ساتھ پیکجز کی قیمتوں میں وقت کے ساتھ ہونے والی تبدیلیاں بھی دیکھ سکیں گے،اس کے ذریعے یہ معلوم کرنا ممکن ہوگا کہ کسی مخصوص پیکج کی قیمت گزشتہ چند ماہ یا برسوں کے دوران کتنی تبدیل ہوئی۔

اس سہولت سے صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کی قیمتوں میں فرق اور پیکجز کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کے رجحان کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

بجٹ اور ضرورت کے مطابق پیکج کا انتخاب
نئے پورٹل کے ذریعے صارفین اپنی ضروریات اور بجٹ کے مطابق موزوں پیکج تلاش کرسکیں گے، زیادہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین مختلف ڈیٹا پیکجز کا موازنہ کرسکیں گے، جبکہ زیادہ کال یا ایس ایم ایس استعمال کرنے والے افراد بھی اپنی ضرورت کے مطابق دستیاب آپشنز کا جائزہ لے سکیں گے۔

مزیدپڑھیں:راولپنڈی میں لاپتا بچی چوتھے روز بھی نہ مل سکی، سرچ آپریشن بند

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو پیکجز کی قیمتوں اور سہولیات میں ہونے والی تبدیلیوں سے بروقت آگاہ رکھنا ہے۔

صارفین کو بہتر فیصلے میں مدد ملے گی
اتھارٹی کے مطابق باخبر صارف اپنے استعمال اور بجٹ کے مطابق بہتر فیصلہ کرسکتا ہے، جس سے اسے غیر ضروری اخراجات سے بچنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

نئے پورٹل پر دستیاب معلومات سے صارفین کو یہ جاننے میں بھی آسانی ہوگی کہ مختلف موبائل آپریٹرز نے حالیہ عرصے میں اپنے پیکجز کی قیمتوں یا سہولیات میں کیا تبدیلیاں کی ہیں، جس سے ٹیلی کام مارکیٹ میں قیمتوں کے مجموعی رجحان کا اندازہ لگایا جاسکے گا۔

یہ سہولت بالخصوص ان صارفین کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہے جو باقاعدگی سے موبائل انٹرنیٹ، کال یا ایس ایم ایس پیکجز خریدتے ہیں اور مختلف کمپنیوں کی قیمتوں اور سہولیات کا موازنہ کرکے زیادہ موزوں آپشن منتخب کرنا چاہتے ہیں۔

حکام کے مطابق صارفین کی سہولت کو مزید بہتر بنانے کے لیے مستقبل میں اس نظام میں مزید معلومات اور نئے فیچرز شامل کیے جاسکتے ہیں، تاکہ ٹیلی کام سروسز سے متعلق اہم معلومات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں۔