بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دھرنے دینے والے آزاد کشمیر کا الیکشن روکنا چاہتے تھے جو نہیں روک سکے: رانا ثناء اللّٰہ

وزیرِ اعظم کے مشیرِ سیاسی اُمور رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ دھرنے دینے والے آزاد کشمیر کا الیکشن روکنا چاہتے تھے جو نہیں روک سکے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے اپنے منتخب نمائندوں کو مینڈیٹ دے دیا، انتخابات کے تیسرے مرحلے کے بعد آزاد کشمیر میں حکومت سازی شروع ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ اُمید ہے کہ دھرنے والی قوتیں اب حقائق کا ادراک کرتے ہوئے دھرنا ختم کریں گی، حکومت مظاہرین کے جائز مطالبات پر نظرِ ثانی کرے گی، ہتھیار اٹھانے اور دشمن کا آلۂ کار بننے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وزیرِ اعظم کے مشیر کا کہنا ہے کہ دھاندلی کے الزامات لگانے والوں نے اب تک کوئی ثبوت نہیں دیے، پیپلز پارٹی کی کوشش اپنی شکست کو دھاندلی کے بیانیہ سے چھپانے کی کوشش ہے۔

مزیدپڑھیں:ملک میں سونے کی قیمت میں اضافہ

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ آج بھی پیپلز پارٹی دھاندلی کا شور کر رہی ہے لیکن شدت پہلے جتنی نہیں ہے، توقع کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی والے آج الٹی گنتی کو سیدھا کر دیں گے اور مسلم لیگ ن کو کامیابی پر مبارکباد دیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مجموعی طور پر آزاد کشمیر میں پولنگ کا عمل پُرامن طور پر جاری ہے، عوام کو حقِ رائے دہی سے روکنے والے عناصر اپنے مقاصد میں ناکام ہو چکے ہیں۔

وزیرِ اعظم کے مشیرِ سیاسی اُمور کا کہنا ہے کہ جمہوری حکومت عوامی مسائل کو حل کرے گی، اب تک کے انتخابی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی، آزاد کشمیر میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات ہوئے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندوں کو مینڈیٹ سونپ رہے ہیں، انتخابات کا تیسرا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد حکومت سازی کا عمل شروع ہو گا۔