بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیلز ٹیکس میں اضافے کے بعد کیا پاکستان نے سورینٹو کی قیمتیں 12 لاکھ روپے تک بڑھا دیں

پاکستان میں کیا گاڑیوں کی اسمبلر اور ڈسٹری بیوٹر لکی موٹر کارپوریشن (LMC) نے سیلز ٹیکس میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے سورینٹو ماڈلز کی قیمتوں میں 12 لاکھ روپے تک اضافہ کردیا ہے، جبکہ مقامی مارکیٹ میں اسپورٹیج اور سورینٹو کے نئے ہائبرڈ ویریئنٹس بھی متعارف کرا دیے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ صارفین کے نوٹس کے مطابق سیلز ٹیکس میں اضافے کا بڑا حصہ لکی موٹر کارپوریشن نے خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس کا مکمل بوجھ صارفین پر منتقل نہ ہو اور قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو محدود رکھا جاسکے۔

نئے اسپورٹیج ایل 1.6 ٹی ایف ڈبلیو ڈی ایچ ای وی (Sportage L 1.6T FWD HEV) کی ایکس فیکٹری قیمت 1 کروڑ 21 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اسپورٹیج ایل 1.6 ٹی اے ڈبلیو ڈی ایچ ای وی (Sportage L 1.6T AWD HEV) کی قیمت 1 کروڑ 32 لاکھ 99 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

کمپنی نے اسپورٹیج ایل الفا (Sportage L Alpha) کی فروخت بھی ختم کردی ہے، جو پہلے 78 لاکھ 99 ہزار روپے میں دستیاب تھا۔ اسی طرح اسپورٹیج ایل 1.6 ٹی ایف ڈبلیو ڈی ایچ ای وی کا سابقہ ماڈل، جس کی قیمت 1 کروڑ 12 لاکھ 99 ہزار روپے تھی، اب دستیاب نہیں ہوگا۔ اسپورٹیج ایل 2.0 ایل ایف ڈبلیو ڈی (Sportage L 2.0L FWD) کی سابقہ قیمت 1 کروڑ 4 لاکھ 99 ہزار روپے تھی، تاہم یہ ماڈل محدود اسٹاک تک فروخت کے لیے موجود رہے گا۔

نئے اسپورٹیج ایل فیس لفٹ میں بیرونی ڈیزائن کے ساتھ متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ گاڑی میں آل وہیل ڈرائیو، اسٹار میپ ڈے ٹائم رننگ لائٹس، سامنے اور عقب کے نئے ڈیزائن، نئے الائے وہیلز اور بلیک گلاس اسکرٹنگ شامل کی گئی ہے۔

مزیدپڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، ڈیزل 6.47 اور پیٹرول 5.77 روپے مہنگا

گاڑی کے اندرونی حصے میں آل بلیک تھیم اور الکانٹارا فنش دیا گیا ہے، جبکہ نشستوں میں میموری فنکشن کے ساتھ ہیٹنگ اور وینٹی لیشن کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ نئے دو اسپوک اسٹیئرنگ وہیل کو بھی فیس لفٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب سورینٹو کے ہائبرڈ ماڈلز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ سورینٹو 1.6 ٹی ایف ڈبلیو ڈی ایچ ای وی کی قیمت 1 کروڑ 52 لاکھ 99 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 کروڑ 62 لاکھ 99 ہزار روپے کردی گئی ہے، یعنی اس ماڈل کی قیمت میں 10 لاکھ روپے اضافہ ہوا ہے۔

سورینٹو 1.6 ٹی اے ڈبلیو ڈی ایچ ای وی کی قیمت بھی 1 کروڑ 66 لاکھ 99 ہزار روپے سے بڑھ کر 1 کروڑ 78 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کو اس ماڈل کے لیے 12 لاکھ روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔

سورینٹو 3.5 ایل وی 6 (Sorento 3.5L V6) کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ ماڈل بدستور 1 کروڑ 36 لاکھ 49 ہزار روپے میں دستیاب رہے گا۔

لکی موٹر کارپوریشن نے سورینٹو 1.6 ٹی اے ڈبلیو ڈی پی ایچ ای وی (Sorento 1.6T AWD PHEV) بھی پاکستانی مارکیٹ میں متعارف کرادی ہے، جس کی قیمت 1 کروڑ 89 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

کمپنی کے مطابق پلگ اِن ہائبرڈ ماڈل میں انٹرنل کمبسشن انجن، ہائبرڈ ڈرائیونگ اور مکمل الیکٹرک موڈ تینوں صلاحیتیں موجود ہیں۔ اس ٹیکنالوجی کا مقصد گاڑی کو بیٹری چارج اور ایندھن کے امتزاج کے ذریعے نسبتاً زیادہ فاصلے تک چلانے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

لکی موٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ٹیکس میں حالیہ تبدیلیوں کے باوجود نئی قیمتوں کا تعین اس انداز میں کیا گیا ہے کہ صارفین کو گاڑی کی قیمت کے مقابلے میں زیادہ سے زیادہ قدر فراہم کی جاسکے۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ گاڑی کی ڈیلیوری کے وقت اگر حکومت کی جانب سے کوئی نیا ٹیکس، ڈیوٹی، اضافی چارج یا دیگر سرکاری محصول عائد ہوتا ہے تو اس کی ادائیگی خریدار کو کرنا ہوگی۔ ایکس فیکٹری قیمتوں میں مال برداری اور انشورنس کے اخراجات بھی شامل نہیں ہوں گے۔

کمپنی کے مطابق 15 اگست 2026 کے بعد کی جانے والی نئی بکنگز پر مساوی ماہانہ اقساط (EMI) کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی، جس کا مطلب ہے کہ اس تاریخ کے بعد گاڑی بک کروانے والے صارفین اس مخصوص فنانسنگ سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔