اسلام آباد: سرکاری اسکیم کے تحت 88 ہزار 700 عازمین حج نے حج 2027 کی پہلی قسط جمع کرا دی ہے، جبکہ لانگ حج پیکیج کے تحت ساڑھے 18 ہزار نشستیں باقی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پنجاب سے 46 ہزار 400، سندھ سے 23 ہزار 500، خیبرپختونخوا سے 11 ہزار 300، اسلام آباد سے 3 ہزار 933 اور بلوچستان سے 2 ہزار 555 عازمین نے پہلی قسط جمع کرائی۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان سے 677 جبکہ آزاد کشمیر سے 362 عازمین حج نے بھی پہلی قسط کے واجبات جمع کرا دیے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل پر آن لائن ادائیگی کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے اور 3 دن میں حج واجبات کی پہلی قسط کی مد میں 55 ارب روپے سے زائد وصول کیے گئے۔
وزارت کے مطابق پاک حج ایپ اور حج پورٹل پر ادائیگی کے لیے پی ایس آئی ڈی کارڈ یا مینول بینک چالان کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ 40 فیصد عازمین نے ون لنک کارڈ کے ذریعے آن لائن ادائیگی کی، جبکہ بلوچستان میں آن لائن ادائیگی کا تناسب 72 فیصد رہا۔
وزارت مذہبی امور نے حج 2027 پر جانے کے خواہشمند عازمین کو ہدایت کی ہے کہ حج پورٹل پر اپنے کوائف اور ادائیگی کا عمل جلد مکمل کریں تاکہ نشست محفوظ کی جاسکے۔
وزارت کے مطابق 40 روزہ حج پیکیج میں مطلوبہ تعداد پوری ہونے پر بکنگ روک دی جائے گی۔
واضح رہے کہ 4 روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر مذہبی امور سردار یوسف سے ملاقات میں حج کی تیاریوں اور انتظامات کی پیش رفت پر بریفنگ لی تھی۔
وزیراعظم نے عازمین حج کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور مؤثر انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حج کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔









