وزیراعظم شہباز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں اعلیٰ سرکاری افسران کی بگھی پر سواری کا نوٹس لیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر اسلام آباد کے اس طرز عمل پر ناراضی کا اظہار کیا گیا، جس کے بعد دونوں افسران کو وزیراعظم کی ہدایت اور ناراضی سے تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جوائنٹ سیکرٹری ڈسپلن کی جانب سے آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر کو الگ الگ تحریری طور پر آگاہ کیا گیا۔ خط میں وزیراعظم کی جانب سے سول سرونٹس کے طرز عمل سے متعلق ہدایات کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر اسلام آباد 14 اگست کو یوم آزادی کی تقریب میں بگھی پر سوار ہوکر پہنچے تھے۔ وزیراعظم نے اس اقدام کو سرکاری افسران کے لیے مناسب طرز عمل کے اصولوں کے منافی قرار دیتے ہوئے ناراضی کا اظہار کیا۔
جوائنٹ سیکرٹری ڈسپلن کی جانب سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ سرکاری افسران کی جانب سے اس نوعیت کی ذاتی نمود و نمائش عوامی خدمت کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتی۔
خط میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سول سرونٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے طرز عمل سے گریز کریں جو سرکاری عہدے کے وقار اور عوامی خدمت کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہ ہو۔
وزیراعظم نے سرکاری افسران کو سادگی اختیار کرنے اور اپنے منصب کے تقاضوں کے مطابق طرز عمل اپنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے واضح کیا کہ سول سرونٹس کو عوامی خدمت، سادگی اور ذمہ دارانہ طرز عمل کو ترجیح دینی چاہیے۔









