بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مشہور ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کے قتل کیس کا ڈراپ سین

راولپنڈی پولیس نے سوشل میڈیا پرسنالٹی شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کے قتل کیس میں بڑی پیش رفت کرتے ہوئے مقتولہ کے والد اور بھائی سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں مقتولہ کا والد فضل، حقیقی بھائی بشیر، چچا زاد بھائی احسان، والد کا چچا روزی خان اور چچا زاد بھائی کا بیٹا یاسین شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شمسو بی بی کو مبینہ طور پر اس کے والد اور بھائی نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کروایا۔

ملزمان

سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر قتل کیس کی تفتیش کے لیے متعدد خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جو تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے سی پی او کو براہ راست آگاہ کرتی رہیں۔

پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا گیا، جبکہ انسانی ذرائع سمیت دیگر تمام دستیاب وسائل سے بھی مدد لی گئی۔

سی سی ٹی وی

پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے حالات و واقعات کی روشنی میں مقتولہ کے والد اور بھائی کو بھی شاملِ تفتیش کیا۔ پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شمسو بی بی کو قتل کروانے کا انکشاف کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے قانون کو گمراہ کرنے اور اصل حقائق چھپانے کے لیے مبینہ طور پر ایک ڈھونگ رچانے کی کوشش بھی کی، تاہم شواہد اور تفتیش کی روشنی میں پانچوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

موٹرسائیکل

ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل غیرت کے نام پر کیا گیا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کے دوران کیس میں اہم انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے۔

ٹیکسلا پولیس نے واقعے کے بعد سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مسلسل کارروائیاں کیں اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش آگے بڑھائی۔ پولیس کے مطابق پیشہ ورانہ تفتیش اور دستیاب شواہد کی مدد سے قتل کے اصل ملزمان تک پہنچنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔

سی سی ٹی وی 1

سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے عدالت سے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کتنے ہی شاطر کیوں نہ ہوں، قانون کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔

کار