محکمہ موسمیات نے مون سون اور مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے باعث 28 اگست سے 6 ستمبر تک ملک کے بالائی علاقوں، خیبر پختونخوا، پنجاب اور کشمیر میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش(rain) کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 اگست سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا، جو 5 ستمبر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر میں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور سمیت مختلف علاقوں میں 28 اگست کی رات سے 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے موسلادھار بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، لاہور اور سیالکوٹ سمیت بالائی پنجاب میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارش کا امکان ہے، جبکہ وسطی اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں یکم سے 5 ستمبر کے دوران بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع، بشمول پشاور، سوات، دیر اور چترال میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان کے دیامر، استور، سکردو اور ہنزہ میں بھی 30 اگست سے 6 ستمبر تک بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور مردان سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ کسانوں کو بھی زرعی سرگرمیاں موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔









